ضلع کلکٹرس کو چوکسی اختیار کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

   

مانسون کی قبل ازوقت آمد
اندراماں ہاؤزنگ استفادہ کنندگان کا انتخاب یکم جون تک مکمل کیا جائے۔ ضلع کلکٹرس کے ساتھ چیف منسٹر کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد 27 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں بارش کی صورتحال، اندراماں ہاؤزنگ، کسانوں سے دھان کی خریدی اور دیگر اُمور پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اعلیٰ سطحی اجلاس اور ویڈیو کانفرنس میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء ٹی ناگیشور راؤ، اتم کمار ریڈی، پی سرینواس ریڈی، پونم پربھاکر، ڈی انوسویا سیتکا، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، دامودر راج نرسمہا، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کو مانسون کی آمد اور بارش کے پیش نظر سخت چوکسی کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ جاریہ سال مانسون 15 دن قبل ہی تلنگانہ میں شروع ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بارش کے نتیجہ میں کسانوں سے دھان کی خریدی کا عمل متاثر نہ ہونے پائے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ کسانوں سے 64 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن دھان کی خریدی مکمل کرلی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ پیداوار کا 90 فیصد حصہ حکومت کی جانب سے خریدا جاچکا ہے۔ اُنھوں نے ضلع کلکٹرس کی ستائش کی اور کہاکہ دھان کی خریدی کے ساتھ ساتھ اُس کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ مانسون کی آمد کے نتیجہ میں باقی دھان کی خریدی میں دشواری پیدا ہوئی ہے۔ دھان کی خریدی کے سلسلہ میں کسانوں کو 12184 کروڑ ادا کئے گئے۔ کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں اندرون 48 گھنٹے رقم جمع کرائی گئی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ بعض علاقوں میں سیاسی مداخلت کے نتیجہ میں دھان کی خریدی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ اُنھوں نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ دھان کی خریدی کی تفصیلات روزانہ کی اساس پر روانہ کی جائے۔ اپوزیشن کی جانب سے گمراہ کن پروپگنڈہ پر کلکٹرس وضاحت جاری کریں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اگر ملرس کی جانب سے کسانوں کے لئے مسائل پیدا کئے جائیں تو اُن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جاریہ مانسون میں 29 فیصد اضافی بارش کا امکان ہے۔ مقررہ مدت سے قبل مانسون کی آمد سے محکمہ زراعت کو چوکسی اختیار کرنی چاہئے تاکہ کسانوں کی فصلوں کو نقصان سے بچایا جاسکے۔ ریونت ریڈی نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ بارش کے نقصانات سے بچاؤ کے لئے منصوبہ بندی کریں اور عہدیداروں کی ٹیموں کو تشکیل دیا جائے۔ چیف منسٹر نے بھو بھارتی قانون پر عمل آوری میں شفافیت کی ہدایت دی اور کہاکہ عوام میں شعور بیداری کے لئے 3 تا 20 جون 3 مراحل میں ریونیو سدسو منعقد کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان کے انتخاب میں شفافیت کو ترجیح دی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ مکانات کی تعمیر کے لئے حکومت کی جانب سے امداد کی فراہمی کے علاوہ رعایتی شرح پر تعمیری اشیاء سربراہ کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ 29 اور 30 مئی کو انچارج وزراء متعلقہ اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے اندراماں ہاؤزنگ کے استفادہ کنندگان کا انتخاب مکمل کرلیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ یکم جون تک یہ عمل مکمل کرلیا جائے۔ اُنھوں نے 2 جون کو تمام اضلاع میں یوم تاسیس تقاریب کے بڑے پیمانے پر انعقاد کی ہدایت دی۔1