ضمانتوں پر عمل آوری، ریونت ریڈی کو ہریش راؤ کا چیلنج

   

راہول گاندھی وعدوں سے واقف نہیں، بی آر ایس کی انتخابی مہم سے سابق وزیر کا خطاب
حیدرآباد۔/5 مئی، ( سیاست نیوز) سابق وزیر ہریش راؤ نے تلنگانہ میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے مسئلہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کو کھلے مباحث کا چیلنج کیا۔ ہریش راؤ نے آج کریم نگر اور میدک لوک سبھا حلقہ جات میں بی آر ایس امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس قائد راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی تلنگانہ میں ضمانتوں پر عمل آوری سے واقف نہیں ہیں۔ راہول گاندھی نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری سے متعلق دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ خود راہول گاندھی تلنگانہ کی صورتحال سے واقف نہیں ہیں یا پھر انہیں تاریکی میں رکھا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی چھ میں پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا اعلان کررہے ہیں لیکن راہول گاندھی کو 6 ضمانتوں کی اطلاع دی گئی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بی جے پی اور کانگریس کے گمراہ کن وعدوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے عوام نے اقتدار عطا کیا۔ کے سی آر دور حکومت میں زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی جاری رہی لیکن کانگریس حکومت نے یہ سلسلہ بند کردیا ہے۔ سرکاری دواخانوں میں کے سی آر کٹ اسکیم روک دی گئی۔ ریاست میں برقی اور پانی کے بحران کا آغاز ہوچکا ہے۔ کلیان لکشمی اسکیم کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی پر ایک تولہ سونا دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک عمل نہیں کیا گیا۔ 6 ضمانتوں کے تحت 13 وعدے کئے گئے اور 100 دن میں عمل آوری کا وعدہ کیا گیا تھا۔ کسانوں کو دولاکھ روپئے قرض معافی کا ابھی تک آغاز نہیں ہوا۔4 ہزارروپئے پنشن اور خواتین کو 2500 روپئے امداد کا وعدہ بھی کاغذی ثابت ہوا۔1