ضمنی انتخاب سے قبل اپوزیشن جماعتیں ڈرامہ بازی کررہی ہیں : سرینواس یادو

   


بی جے پی امیدوار بخار میں مبتلا کانگریس امیدوار آنسو بہاکر عوامی ہمدردی حاصل کرنے کوشاں
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے حلقہ منوگوڑ ضمنی انتخاب میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ڈرامہ بازی کرکے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی ہمدردی حاصل کرنے بی جے پی اور کانگریس قائدین اپنے ہاتھوں پر پٹیاں باندھ کر عوام کے درمیان پہونچ رہے ہیں۔ ایک پارٹی کے قائدین بخار سے متاثر ہونے اور دوسری پارٹی کے قائدین حملہ کی بہانہ بازی کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ماضی کے دوباک اور حضور آباد اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں یہی ڈرامہ کیا گیا تھا ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کے سی آر حکومت میں نلگنڈہ کے عوام کو فلورائیڈ کے مسئلہ سے نجات مل گئی ہے ۔ عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں وہ کانگریس اور بی جے پی کی ڈرامہ بازی سے متاثر نہیں ہوں گے ۔ اگر ان کی باتوں کو قبول کیا گیا تو دھوکہ کھا جانے کا انتباہ دیا ۔ آئندہ عام انتخابات سے قبل حلقہ منوگوڑ ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائیگا ۔ اپوزیشن قائدین ایک دوسرے پر حملے کرکے عوام کے سامنے آنسو بہا رہے ہیں ۔ عوامی ہمدردی حاصل کرنے بی جے پی امیدوار کومٹ ریڈی راج گوپال بخار میں مبتلا ہوجانے کا ڈرامہ کررہے ہیں جبکہ کانگریس امیدوار پی شراونتی عوام کے سامنے آنسو بہاکر ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔ اپوزیشن کی لاکھ ڈرامہ بازی کے باوجود حلقہ منوگوڑ میں ٹی ار ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ن