نئی دہلی، 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندی کے سرکاری زبان سے متعلق ضمنی سوال کی اجازت نہیں ملنے پر اپوزیشن جماعتوں نے منگل کو لوک سبھا میں ہنگامہ کیا اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔دراوڑ منیتر کژگم(ڈی ایم کے )، کانگریس اور ترنمول کانگریس کے ارکان نے وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوال پوچھنے کی اجازت نہ دیئے جانے پر اپنی اپنی نشستوں کے پاس کھڑے ہو کر ہنگامہ کیا اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ ڈی ایم کے ارکان نے کہا کہ ہندی کو پورے ملک پر مسلط نہیں کیا جا سکتا، اس لیے اس سے متعلق ضمنی سوال پوچھنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے ۔ایوان میں ہنگامہ کے درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ یہ تامل ناڈو کے عوام کی دل کی آواز ہے اس لیے انہیں ضمنی سوال پوچھنے کی اجازت دی جانی چاہئے ۔مرکزی وزیر داخلہ نتیانند رائے نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کے زیادہ تر حصوں میں ہندی زبان بولی جاتی ہے لیکن ریاستوں کی مادری زبان کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔