طالبان سے مذاکرات کیلئے پاکستان یا کسی تیسرے ملک کی ضرورت نہیں:تھامس ویسٹ

   

واشنگٹن: افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ امریکہ کو افغان طالبان کے ساتھ بات چیت میں سہولت کیلئے پاکستان یا کسی دوسرے ملک کی ضرورت نہیں ہے۔ میڈیا کے مطابق تھامس ویسٹ سے سوال کیا گیا کہ کیا پاکستان افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات میں سہولت فراہم کر سکتا ہے؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے کسی تیسرے ملک کی ضرورت نہیںہے‘۔انہوں نے بتایا کہ وہ طالبان کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں۔ امریکی حکومت میں میرے اور بھی ساتھی ہیں جو طالبان کے ساتھ رابطوں میں مصروف عمل ہیں۔ایک انٹرویو میں تھامس ویسٹ نے اس خیال کو بھی مسترد کر دیا کہ امریکہ کو افغانستان تک پہنچنے کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ طالبان دہشت گردی سے متعلق اپنے وعدوں کو پورا کریں۔