کابل : طالبان نے معاہدے کے تحت کئی امریکی
شہریوں کو کابل سے انخلا کے آپریشن میں مدد فراہم کرتے ہوئے ائیرپورٹ پہنچایا۔امریکی میڈیا کے مطابق طالبان مخصوص مقام سے دستاویزات چیک کر کے امریکیوں کو حامد کرزئی ائیرپورٹ کے اندر پہنچاتے رہے۔میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی فورسز نے امریکی شہریوں کے انخلا کے لیے ائیرپورٹ پر خفیہ گیٹ قائم کیا تھا، یہی نہیں امریکی باشندوں کی رہنمائی کے لیے خصوصی کال سینٹر بھی قائم کیے گئے تھے۔ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ طالبان کے ساتھ طے کردہ انتظام خوبصورتی سے چلتا رہا اور طالبان امریکی شہریوں کو بحفاظت ائیرپورٹ پہنچاتے رہے۔امریکہ نے پیر کی شب 31 اگست کی ڈیڈلائن ختم ہونے سے قبل ہی افغانستان سے اپنا انخلا مکمل کر لیا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں طالبان نے کہا تھا کہ 31 اگست تک امریکہ اپنا انخلا مکمل کرے اور اگر 31 اگست کے بعد بھی امریکی فوجی افغانستان میں موجود رہتے ہیں تو اسے قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا اور نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔طالبان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب تک ایک بھی امریکی فوجی افغانستان میں موجود ہے حکومت کا اعلان کریں گے نہ کابینہ تشکیل دیں گے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی 31 اگست تک امریکی فوج کا افغانستان سے انخلا مکمل ہونے کی اْمید ظاہر کی تھی اور اب امریکہ نے افغانستان سے انخلا ڈیڈلائن سے قبل ہی مکمل کیا اور اس انخلا کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔