طالبان کا حملہ جاری، کابل حکومت نے کمانڈوز بھیج دیئے

   

کابل : افغانستان کے صوبہ بادغیس کے دارالحکومت قلعہ نو میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان دوسرے روز بھی لڑائی جاری ہے۔ افغان حکومت نے صوبائی دارالحکومت قلعہ نو کی حفاظت کے لیے کمانڈوز روانہ کر دیے ہیں۔ قلعہ نو پہلا ایسا صوبائی دارالحکومت ہے جس پر امریکی افواج کا انخلا شروع ہونے کے بعد طالبان قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بادغیس کے گورنر حسام الدین شمس کے مطابق طالبان نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کے ساتھ بادغیس پر مختلف اطراف سے حملہ کیا ہے۔ دوسری طرف پینٹاگون نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کا 90 فیصد انخلا مکمل ہو چکا ہے۔