ٹوکیو: افغانستان میں زیراقتدار طالبان حکومت کا ایک وفد اپنے پہلے بین الاقوامی دورے پر جاپان پہنچ گیا ہے۔ وفد میں افغانستان کی وزارت خارجہ، تعلیم، معیشت اور صحت کی وزارتوں کے حکام شامل ہیں۔ جاپان کی مقامی میڈیا کے مطابق طالبان حکومت کا وفد اتوار کو ٹوکیو پہنچا۔ یہ وفد ایک ہفتے تک جاپان میں ہی رہے گا۔ اس وفد میں وزارت خارجہ، تعلیم، معیشت اور صحت کی وزارتوں کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔افغانستان میں سال دو ہزار اکیس میں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد طالبان کا یہ پہلا بڑا بین الاقوامی دورہ ہے، کیونکہ انھوں نے اب سے پہلے خطے سے باہر کا دورہ نہیں کیا تھا۔ طالبان وفد جاپانی حکام کے ساتھ انسانی امداد کے حصول اور ممکنہ سفارتی تعلقات کے حوالے سے بات کریں گے۔افغانستان کی وزارت اقتصادیات کے نائب وزیر لطیف نظری نے اس دورے کو “بین الاقوامی برادری کا ایک فعال رکن بننے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا۔ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں، انہوں نے کہا کہ ہم ایک مضبوط، متحد، ترقی یافتہ اور خوشحال افغانستان کی تعمیر اور بین الاقوامی برادری کا ایک فعال رکن بننے کیلئے دنیا کے ساتھ باوقار تعلقات چاہتے ہیں۔ طالبان حکومت کے پچھلے دورے عموماً پڑوسی ممالک اور مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، روس اور چین جیسے خطوں تک محدود تھے۔