طالبان کی سیکوریٹی میں 150 ہندوستانی سفارتکاروں کا انخلا

,

   

کابل:طالبان جنگجوؤں نے ہندوستانی سفارت خانے میں موجود 150 اہلکاروں کو بحفظات کابل ایئرپورٹ تک پہنچایا جہاں سے وہ طیارے کے ذریعہ وہ اپنے وطن کے لیے روانہ ہوگئے۔اس سے قبل کابل میں واقع ہندوستانی سفارتخانے کے مرکزی آہنی دروازے کے باہر مشین گنز اور راکٹ لانچر سے مسلح طالبان کا گروپ ان کو ایئرپورٹ تک بحفاظت پہنچانے کے لیے منتظر تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عمارت کے اندر ہندوستانی سفارت کار موجود تھے اور بغیر کسی مزاحمت کے کابل پر طالبان کی مضبوط ہوتی گرفت کی خبروں کو دیکھتے ہوئے ان کی گھبراہٹ میں ہر لمحے اضافہ ہو رہا تھا۔ ہندوستانی سفارتکاروں اور عملے کے لیے صورتحال غیریقینی تھی لیکن سفارتخانے کے باہر موجود جنگجو ان سے بدلہ لینے نہیں بلکہ انہیں باحفاظت کابل ائیر پورٹ تک پہنچانے کے لیے آئے تھے کیونکہ نئی دہلی کی جانب سے سفارتی مشن ختم کرنے کے فیصلے کے بعد فوجی طیارے انہیں لے جانے کے لیے ایئرپورٹ پر تیار کھڑے تھا۔اتوار کو طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد محفوظ سیکیورٹی حصار کے حامل اس علاقے تک رسائی کے تمام راستے بند کر دیے تھے جس کے بعد ہندوستان نے طالبان سے سفارتخانے میں موجود عملے کو باہر نکالنے کے لیے ان سے مدد کی درخواست کی تھی۔طالبان کے قبضے سے قبل ہی تقریباً 50 افراد پہلے ہی فلائٹ سے افغانستان سے باہر چلے گئے تھے۔پیر کو دیگر عملے کے ہمراہ جانے والے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جب ہم دوسرے گروپ کو باہر نکال رہے تھے تو ہمیں طالبان کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے ہمیں گرین زون سے نکلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔