طالبہ سے ناشائستہ رویہ، ممتحن جیل کے حوالے

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : امتحان ہال میں طالبہ کی مدد کے بہانے ناشائستہ رویہ اختیار کرنے والے انویجلیٹر ( ممتحن ) کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا ۔ سائبر آباد کی شی ٹیم نے ایک درخواست گذار لڑکی کی شکایت پر اقدام کرتے ہوئے 29 سالہ سی مہیش کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 سالہ لرکی جو انجینئرنگ سال آخر کی طالبہ ہے جو گذشتہ ماہ 18 جون کو اپنا سپلیمنٹری امتحان دینے کے لیے عبداللہ پور میٹ علاقہ میں واقع ایک کالج پہونچی اور لڑکی امتحان ہال میں مصروف تھی اور مہیش اسی امتحان مرکز میں بحیثیت انویجلیٹر خدمات انجام دے رہا تھا ۔ جو لڑکی کو کافی دیر سے اپنی بری نظروں سے دیکھ کر لڑکی کی طرف بڑھا اور اس نے شفقت بھرے انداز سے لڑکی سے بات چیت شروع کی اور لڑکی سے کہا کہ اگر ایسے کسی سوال کو حل کرنے میں دشواری ہے تو وہ اس کی مدد کرے گا ۔ طالبہ نے اس کے انداز کو شفقت سمجھا اور اس نے ایک کچھ دیر بعد ایک سوال میں مدد طلب کی جس کے بعد مہیش نے اپنا سیل فون نکالا اور اس نے سیل فون میں موجود چند عریاں تصاویر اور عریاں ویڈیوز لڑکی کو دیکھایا ۔ لڑکی نے فوری اپنی نظر یں سیل فون سے پھیر لی ۔ لیکن وہ لڑکی پر دباؤ ڈال رہا تھا ۔ امتحان ختم ہونے کے بعد لڑکی اپنے مکان پہونچی اور شی ٹیم سے شکایت کردی ۔ شی ٹیم نے مہیش کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔۔