ایس ایس سی امتحان کی تیاری کیسے کریں پر سمینار ماہرین کے لکچر
حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : امتحان میں شرکت کے لیے طالب علم کو صرف پڑھائی نہیں بلکہ منصوبہ بندی اور صحیح حکمت عملی بناتے ہوئے پرسکون انداز اختیار کرنا چاہئے ۔ ذہنی تناؤ نہ ہو اور امتحان کا خوف نہ رہے جب طالب علم امتحانی پرچہ کو اچھے طور پر حل کرسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر ایم اے حمید کیرئیر کونسلنگ سیاست نے نیو ماڈرن ہائی اسکول ریاست نگر میں طلبہ کے کیرئیر پروگرام میں لکچر دیتے ہوئے کیا اور بتلایا کہ تعلیمی اصلاحات کے تحت کئی تبدیلیاں کی گئی ۔ پراجکٹ ورک کو شامل نصاب کے ساتھ امتحان میں نشانات مختص کیے گئے ۔ ایس ایس سی کے امتحان 19 مارچ سے مقرر ہیں ۔ طالب علم امتحانی نقطہ نظر سے تیاری کریں ۔ کوئی فکر اور شک میں نہ رہے کہ پرچہ کیسا ہوگا ۔ امتحانی مرکز کیسا رہے گا ۔ بلکہ سال بھر میں جو پڑھایا گیا پڑھا گیا اور تیاری کی اس کے مطابق سوالی پرچے کو سمجھ کر مقررہ وقت میں حل کریں ۔ جناب محمد نثار احمد خاں پرنسپل نے طلبہ کو مفید مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیت کا صحیح استعمال کریں ۔ اساتذہ کا احترام کریں ۔ ادب اور اخلاق کو ملحوظ رکھیں۔ آج نئی نسل میں اخلاقی گراوٹ آگئی ہے ۔ اسکے تدارک کے لیے اسکول صرف پڑھائی کا نہیں بلکہ تربیت اور کردار سازی کا مرکز ہوتا ہے ۔ جناب خواجہ علی شعیب نے اس موقع پر طلبہ کو موجودہ مسابقتی حالات سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا اور بتلایا کہ اسکول کی پڑھائی زندگی بھر کام آتی ہے یہ بنیاد ہوتی ہے ۔ اس موقع پر نئے اسکولی کیلنڈر کی رسم اجرائی انجام دی گئی ۔ اور آخر میں قومی ترانہ پر اختتام ہوا ۔۔