طالب علم کو لوٹ لینے والے رہزن گرفتار

   

ڈی سی پی ساؤتھ ویسٹ زون جی چندرموہن کی پریس کانفرنس

حیدرآباد : /4 اگست (سیاست نیوز) چاقو کی نوک پر طالبعلم کو لوٹ لینے کی واردات میں ملوث 7 رہزنوں کو ہمایوں نگر پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ ویسٹ زون جی چندر موہن نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم سریمنت کمار اپنے چار ساتھیوں کے ہمراہ آصف نگر علاقہ سے گزررہے تھے کہ اچانک بعض نامعلوم افراد نے ان کی کار روک کر چاقو کی نوک پر نقد رقم اور طلائی چین کی رہزنی کی ۔ انہوں نے کہا کہ 22 سالہ محمد اعجاز قریشی اور اس کے ساتھی ساحل فردین خان ، کے سائی ، پی راج شیکھر ، محمد خلیل ، جی ابھیلاش موہن اور ایک کم عمر ملزم نے سریمنت کمار اور ان کے ساتھیوں کو چاقو سے دھمکایا اور ان کے پاس موجود طلائی چین ، انگوٹھی ، نقد رقم اور موبائیل فون لوٹ کر وہاں سے فرار ہوگئے ۔ اس واردات کے بعد پولیس ہمایوں نگر نے رہزنی کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور شواہد کی بنیاد پر ملزمین کی تلاش شروع کردی تھی ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے مذکورہ سات رہزنوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ مال بھی برآمد کرلیا گیا ۔