طبقاتی سروے پر نئی دہلی میں مہیش کمار گوڑ کا پاور پوائنٹ پریزنٹیشن

   

اے آئی سی سی آفس میں راہول گاندھی کی شرکت، مجالس مقامی میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا فیصلہ
حیدرآباد 23 مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج نئی دہلی میں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام اور حکومت کی فلاحی اسکیمات کے آغاز کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ نئی دہلی کے اندرا بھون میں کل ہند کانگریس کی جانب سے مختلف ریاستوں کے پارٹی قائدین کیلئے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کا اہتمام کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ میں طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی کے بارے میں پریزنٹیشن کے ذریعہ راہول گاندھی کے سماجی انصاف نظریہ پر عمل آوری سے واقف کرایا۔ راہول گاندھی کے علاوہ جئے رام رمیش، کے راجو، مدھو یاشکی گوڑ اور دیگر قائدین موجود تھے۔ کل ہند کانگریس کے قومی ترجمان اور میڈیا انچارجس کو بھی پریزنٹیشن میں شامل کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے ایک گھنٹہ سے زائد تک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ حکومت کی جانب سے سائنٹفک اور مکمل شفافیت کے ساتھ طبقاتی سروے کے طریقہ کار سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ ملک کیلئے طبقاتی سروے کے ذریعہ رول ماڈل بن چکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی سی طبقاتی سروے کے انتخابی وعدے کے ذریعہ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا اور راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران جو تیقن دیا تھا اُس کی کانگریس حکومت نے تکمیل کی ہے۔ کانگریس نے محکمہ پلاننگ کے ذریعہ طبقاتی سروے کا اہتمام کیا جس کیلئے ایک لاکھ سے زائد شمار کنندوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے طبقاتی سروے پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔ ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی کی قیادت میں کابینی سب کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے سروے کی نگرانی کی۔ سروے رپورٹ کو کابینہ میں منظوری دیتے ہوئے اسمبلی میں 42 فیصد تحفظات کا بل منظور کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ سروے کے نتیجہ میں تمام طبقات کی حقیقی آبادی کا پتہ چلا ہے اور حکومت کو تحفظات کو تعین میں مدد ملے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی نے بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا جو وعدہ کیا تھا اُس کی کانگریس حکومت نے تکمیل کی ہے۔ بل کو منظوری کے لئے پارلیمنٹ روانہ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آنے والے مجالس مقامی انتخابات میں بی سی طبقات کو نشستوں میں 42 فیصد نمائندگی دی جائے گی۔ راہول گاندھی نے تلنگانہ کی طرح ملک بھر میں طبقاتی مردم شماری کا عمل جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔1