پہلے سروے سے محروم خاندانوں کو سہولت، ٹول فری نمبر جاری، 28 فروری تک تفصیلات درج کرانے کا موقع
حیدرآباد۔ 16 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کے دوسرے مرحلہ کے تحت پہلے سروے میں حصہ نہ لینے والے خاندانوں کو تفصیلات درج کرانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ریاست گیر سطح پر آج سے دوبارہ سروے کا کام شروع کیا گیا جس میں ایسے خاندان حصہ لے سکتے ہیں جنہوں نے پہلے سروے میں شمار کنندگان کو تفصیلات درج نہ کرائی ہوں۔ پسماندہ طبقات اور دوسروں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی پسماندگی کے علاوہ روزگار اور سیاست میں ان کی حصہ داری کا پتہ چلانے کے لئے سروے منعقد کیا جارہا ہے۔ 96 فیصد سروے پہلے مرحلہ میں مکمل ہوچکا ہے۔ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق 356323 خاندانوں نے پہلے مرحلہ کے سروے میں حصہ نہیں لیا۔ لہذا انہیں 28 فروری تک نام اور تفصیلات درج کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ حکومت نے دوبارہ سروے کے سلسلے میں عوام کے لئے3 مختلف سہولتوں کا اعلان کیا ہے۔ سروے میں حصہ لینے کے خواہشمند خاندان ٹول فری نمبر 040-21111111 پر صبح 9 تا شام 5 بجے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ ٹول فری نمبر پر ربط قائم کرنے کے بعد شمار کنندگان کو روانہ کیا جائے گا۔ عوام اپنے قریبی پرجاپالنا سیوا کیندر سے رجوع ہوسکتے ہیں جو دیہی علاقوں میں ایم پی ڈی او دفاتر اور شہری علاقوں میں وارڈ دفاتر میں رہیں گے۔ دفاتر میں موجود سرکاری ملازمین تفصیلات درج کرانے مدد کریں گے۔ عوام کو تیسری سہولت ویب سائٹ سے سروے فارم ڈاؤن لوڈ کرنے کی دی گئی ہے۔ عوام https://seeepcsurvey.cgg.gov.in سے سروے فارم ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے اس کی تکمیل کے بعد اپنے قریبی پرجاپالنا سیوا کیندر میں جمع کراسکتے ہیں۔ حکومت نے تمام ضلع کلکٹرس اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ دوبارہ سروے کی شخصی طور پر نگرانی کریں اور بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے تاکہ پہلے سروے میں حصہ نہ لینے والے افراد اپنے اور اپنے خاندان کی تفصیلات درج کراسکیں۔ حکومت کے پلاننگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سروے کی نگرانی کی جارہی ہے۔ پرنسپال سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ نے ری سروے کے آغاز پر عہدیداروں سے ربط قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی خاندان سروے سے محروم نہ ہونے پائے۔ پہلے سروے کی طرح ماہر ملازمین کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں جو فارم کی تکمیل میں مدد کریں گے۔ عہدیداروں کے مطابق سروے کے آغاز کے پہلے دن شہر اور اضلاع میں حوصلہ افزاء ردعمل دیکھنے کو ملا۔ پہلے مرحلے کے طبقاتی سروے میں جملہ 11215131 خاندانوں کے تحت 35477554 افراد کا احاطہ کیا گیا تھا۔ 50 دنوں میں پہلے مرحلے کی تکمیل کی گئی جس میں 96.6 فیصد خاندانوں نے حصہ لیا۔ 94863 شمار کنندگان اور 9628 سپروائزرس کی خدمات حاصل کی گئیں۔ 36 دنوں میں 76 ہزار ڈاٹا انٹری آپریٹرس نے سروے کی تفصیلات کو محفوظ کیا۔ سروے میں بی سی طبقات کی آبادی 46.25 فیصد درج کی گئی جبکہ مسلم بی سی آبادی 10.08 فیصد درج ہوئی ہے۔ بی سی اور مسلم بی سی کی جملہ آبادی 56.33 فیصد درج کی گئی۔ حکومت نے عوامی نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ دوسرے مرحلہ کے سروے کی کامیابی میں اہم رول ادا کریں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی ارکان اسمبلی سے خواہش کی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں سروے کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ 1