طبی بنیادوں پر نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور

,

   

لاہور ۔ 25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک عدالت نے جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرلی جنہیں مزاج بگڑنے کی وجہ سے جیل سے ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ گذشتہ کئی روز سے زیرعلاج ہیں۔ پیر کی شب نواز شریف کو لاہور کے سرویسز ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا کیونکہ ان کے خون میں پلیٹلیٹس کی بیحد کمی واقع ہوگئی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ کی دو رکنی بنچ جس کی قیادت جسٹس باقر نجفی کررہے تھے، نے نواز شریف کے بھائی شہبازشریف کی داخل کردہ درخواست پر سماعت کی جہاں انہوں نے اپنے بھائی کی قومی احتسابی بیورو (NAB) سے فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا جس کیلئے انہوں نے نواز شریف کی بگڑتی ہوئی حالت کو اہم وجہ بتایا تھا اور کہا تھا کہ طبی بنیادوں پر ان کے بھائی کو فوری رہا کیا جانا چاہئے جسے منظور کرلیا گیا۔ نواز شریف کے وکیل اشطر اوصاف نے عدالت کے سامنے استدلال پیش کیا کہ نواز شریف کی حالت بیحد سنگین ہے اور انہیں فوری طور پر ضمانت پر رہا کیا جانا چاہئے۔

مریم کو نواز شریف کے ساتھ ہاسپٹل میں
قیام کی عمران کی اجازت
لاہور ۔ 25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آج یہ ہدایت جاری کی کہ سابق وزیراعظم نواز شریف جو اس وقت ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں، کی شخصی دیکھ بھال کیلئے ان کی دختر مریم نواز کو بھی ہاسپٹل میں رکھا جائے۔ یاد رہیکہ قبل ازیں مریم نواز کو جیل واپس بھیج دینے کے فیصلہ پر وفاقی حکومت کو شدید تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چہارشنبہ کو مریم کو لاہور کے سرویسز ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جو اپنے والد سے ملاقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل سے وہاں پہنچی تھیں لیکن خود ان کی (مریم) طبعیت بھی خراب ہوگئی تھی۔ عمران خان کی ہدایت پر مریم کو اپنے علیل والد سے ملنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن مریم کو خود طبی امداد کی ضرورت پیش آئی تھی جنہیں فوری طور پر VVIP-11 وارڈ میں شریک کیا گیا جبکہ نواز شریف VVIP-1 میں شریک ہیں۔ مریم نواز کے کچھ ٹسٹس کرنے کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔ دوسری طرف پنجاب کے گورنر محمد سرور نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے مریم نواز سے اور نواز شریف سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں۔ جیو ٹی وی کے مطابق بعدازاں عمران خان نے ہدایات جاری کیں کہ مریم نواز کو اپنے والد نواز شریف کے ساتھ ہاسپٹل میں قیام کرنے کی اجازت دی جائے۔