سدی پیٹ ۔ یکم اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مودی کی مرکزی بی جے پی حکومت کی جانب سے لوک سبھا کے بعد راجیہ سبھا میں بھی طلاق ثلاثہ بل کو منظور کرانا مذہب اسلام کو بدنام کرنے کی منظم سازش ہے ۔ اور ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے جذبات کو مجروح کررہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار کانگریس کے سینئر اقلیتی قائد محمد وحید خان نے اپنی رہائش گاہ سدی پیٹ میں منعقدہ صحافتی اجلاس سے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا کثیر طبقہ اس بل کی سخت مذمت کررہا ہے ۔ اس طرح حکومت کی مجرمانہ چال سے واضح ہورہا ہے کہ وہ شریعت کے عائلی قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے ملک کے سب سے بڑی اقلیتی طبقہ کو تکلیف پہنچارہی ہے ۔ وحید خان نے ٹی آر ایس کی دوہری پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کے ارکان بل کی منظوری میں دیگر مخالف مسلم پارٹیوں کے ہمراہ واک آؤٹ کیا جس سے ان کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا جو خود کو اقلیت دوست و اقلیت پرور ہونے کا بلند بانگ دعویٰ کرتی ہے ۔