نئی دہلی۔ 27 مئی (ایجنسیز) سپریم کورٹ آف انڈیا نے طلاق کے عمل سے گزرنے والے ایک جوڑے کو غیرمعمولی اور دل کو چھو لینے والا مشورہ دیا، جس میں عدالت نے کہا کہ فریقین اپنے اختلافات کمرہ عدالت کے باہر حل کرنے کی کوشش کریں اور ایک ساتھ ڈنر پر جائیں۔ عدالت نے زور دیا کہ دونوں کے درمیان جاری تنازعہ ان کے تین سالہ بیٹے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی انا کو پسِ پشت ڈال کر بچے کے مستقبل کے لیے مثبت قدم اٹھائیں۔یہ معاملہ جسٹس بی وی ناگرتھنا اور جسٹس ستیش چندر شرما پر مشتمل دو رکنی بنچ کے سامنے پیش ہوا، جہاں خاتون فریق جو ایک فیشن انٹرپرینیور ہیں ،نے اپنے بیٹے کو غیر ملکی سفر پر لے جانے کی اجازت طلب کی تھی۔ واضح رہے کہ جوڑے کے درمیان نہ صرف طلاق کا مقدمہ زیر سماعت ہے بلکہ بچے کی تحویل کے حوالے سے قانونی کشمکش بھی جاری ہے۔