طلباء و اولیائے طلباء کا راستہ روکو احتجاج
حسن آباد۔ 25 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد منڈل کے مختلف مواضعات سے اسکول و کالج کے اوقات میں بس سرویس مہیا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج حسن آباد بس ڈپو پر بی جے پی کی محاذی طلباء تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد حسن آباد شاکھا کے زیراہتمام احتجاجی دھرنا و راستہ روکو احتجاج منظم کیا گیا جس میں مختلف مواضعات کے سینکڑوں طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ اس موقع پر شاکھا پرمکھ اکھل کرشنا، مدن موہن، کنویر محمد عبدالستار، کے شوکمار اور دیگر نے احتجاجی طلباء سے مخاطب ہوکر بتایا کہ حسن آباد و اکناپیٹ منڈلس سے روزانہ سینکڑوں طلباء سرکاری و خانگی مدارس کالجس و پالی ٹیکنک حسن آباد کو آتے ہیں، جنہیں تعلیمی اداروں کے اوقات میں بس سہولت میسر نہ ہونے پر شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ مختلف خانگی ذرائع حمل و نقل کے استعمال پر طلباء پر اضافی مالی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ انہوں نے فوری اس جانب متوجہ ہوکر طلباء کو درکار بس سرویس کا آغاز کرنے کا ڈپو مینیجر رجنی کرشنا سے پرزور مطالبہ کیا۔
