طلبہ کوتعلیم کے ساتھ اچھاشہری بننے کی بھی تربیت دی جائے : عامر علی خان

   

مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم وریاض اسلامک اسکول میں عامرعلی خان کی تہنیتی تقریب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( راست ) ۔ مدارس کے طلبہ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی ضرور حاصل کریں اور ہم کو ان کو ایسی تعلیم دینا چاہئے کہ دنیا انہیں کسی بھی معاملہ میں کمزور نہ سمجھیں۔مدارس کے طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عمل اور قول سے دینی تعلیم عوام تک پہنچائیں۔ زبان کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ آج مسلمانوں کی زبان کولیکر کئی غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہے کہ وہ غصہ والے اور جھگڑالو ہوتے ہیں۔اس غلط فہمی کودورکرنے کیلئے ہم کو عملی اقدامات کرنا چاہئے۔ہم کواپنی بات رکھنے کیلئے ہمیشہ نرم لہجہ اختیار کرنا چاہئے۔ ہماری شخصیت سے لوگ متاثرہوناچاہئے۔ ان خیالات کااظہار مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم و ریاض اسلامک اسکول،مصطفی نگر فلک نما میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے عامر علی خان (نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست)نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مدارس کے ذمہ داران کوچاہئے کہ وہ حکومت کی جانب سے دی جارہی تمام اسکیمات سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیاکہ وہ طلبہ کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ایک اچھاانسان اورایک اچھا شہری بننے کی بھی تربیت دیں۔انہوں نے کہاکہ نبی کریم صلعم کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ آپؐ نے مختصرسے وقت میں ساری دنیا تک اسلامی تعلیمات کو پہنچادیا۔ انہوں نے طلبہ کونصیحت کی کہ وہ سنجیدگی سے اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے آہستہ آہستہ آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہاکہ آج ہرکوئی جلد بازی کی دوڑ میں لگا ہوا ہے اور سب کچھ جلد پانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بعض دیہاتوں میں کئی لوگ نماز کی ادائیگی کے طریقہ سے بھی واقف نہیں ہیں ان تک ہم کوپہنچ کر دینی تعلیم سے واقف کروانا چاہئے۔ مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی (بانی مدرسہ) نے صدارتی خطاب میں کہاکہ روزنامہ سیاست کی ملی ، سماجی وفلاحی کاموں کی ایک تاریخ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گجرات فسادات ہویا ملک میں کہیں بھی کچھ ناسازگار حالات ہو ہمیشہ روزنامہ سیاست نے پیش پیش ہوکر مظلوم عوام کی مدد کی ہے۔ سیاست کے ذریعہ کئی فلاحی کام جاری ہیں جن میں ملت فنڈ،عابد علی خان آئی ہاسپٹل، لاوارث لاشوں کی تدفین، دوبہ دورشتوں کا پروگرام، اردودانی کے کورسیس وغیرہ شامل ہیں۔ یہ وہ خدمات ہیں جس کا ثواب ہمیشہ سیاست کے ذمہ داران کوحاصل ہوتا رہے گا۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے رکن قانون ساز کونسل بنایاجانے سے قبل ہی عامرعلی خان دن رات قوم کی خدمت کرتے چلے آرہے ہیں اورہمیں یقین ہے کہ وہ اس عہدہ کے ذ ریعہ ملت کے کئی بڑے کام حکومت کے تعاون سے انجام دیں گے۔ انہوں نے مدرسہ کے طلبہ کی رہنمائی کیلئے قیمتی وقت نکالنے پرعامرعلی خان کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں عامرعلی خان کو رکن قانون ساز کونسل منتخب ہونے پرتہنیت پیش کی گئی۔ ابتداء میں داعی محفل مولانا محمدریاض احمدقادری حسامی نے خیرمقدمی خطاب میں مدسہ میں جاری تعلیمی سرگرمیوں سے شرکاء کوواقف کروایا۔