خودکشی کی تفصیلات پیش کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں طلبہ کی خودکشی کے واقعات پر ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی۔ ریاست میں گذشتہ 10 برسوں میں ایس ایس سی اور انٹر کے طلبہ کی خودکشی کے واقعات پر ایڈوکیٹ شنکر نے مفاد عامہ کی درخواست دائر کی۔ درخواست گذار نے شکایت کی کہ خودکشی کے واقعات کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور ہر امتحان کے ہال ٹکٹ پر ہیلپ لائن سنٹر کا نمبر درج کیا جائے تاکہ طلبہ اپنے مسائل رجوع کرسکیں۔ دسویں جماعت کی ٹکسٹ بک میں خودکشی کے مسئلہ پر ایک مضمون شامل کرنے اور خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں کی صورتحال کے بارے میں طلبہ کو واقف کراتے ہوئے خودکشی سے روکا جاسکتا ہے۔ درخواست گذار کی جانب سے پروین کمار نے بحث کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت نے روشنی کے عنوان سے ایک پروگرام شروع کیا تھا لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کیلئے قبول کرلیا۔ تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے سکریٹری، اسکول بورڈ آف سیکنڈری کے کمشنر، کمشنر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو نوٹس جاری کی گئی اور گذشتہ 15 برسوں میں خودکشی کرنے والے طلبہ کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ آئندہ سماعت تین ہفتوں بعد مقرر کی گئی ہے۔