طواف کے بعد مسجد حرام اور مطاف کے صحن کی صفائی

,

   

مکہ مکرمہ:الحرمین الشریفین کی جنرل پریزیڈینسی کی جانب سے فریضہ حج ادائی اور طواف افاضہ کے بعد مسجد حرام، صحن مطاف اور مسجد کے بیرونی احاطے کی جراثیم کش مواد سے صفائی اور طہارت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ جراثیم کش مواد سے صفائی کا مقصد حجاج اور نمازیوں کو مسجد حرام میں کرونا کی وبا میں تحفظ فراہم کرنا ہے۔الحرمین الشریفین جنرل پریزیڈینسی کے چیئرمین ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس نے ایک بیان میں? کہا کہ اللہ کے گھر اور مسجد حرام کو طواف افاضہ کے بعد جراثیم سے پاک کیا گیا ہے۔ اس کام میں مسجد کے صفائی کے ذمہ دار عملے نے غیر معمولی خدمات انجام دیں اور مسجد کی طہارت کے لیے ماحول دوست اور بہترین معیار کا سینیٹائزر استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد حرام کو کرونا وبا کی وجہ سے احتیاطا روزانہ 10 بار صاف کیا جاتا ہے۔ڈاکٹر السدیس کا کہنا تھا کہ رواں سال ایک ایسے وقت میں فریضہ حج ادا کیا گیا جب پوری دنیا کرونا جیسی متعدد بیماری کی لپیٹ میں ہے۔ اس وبا کے مزید پھیلاؤ کو روکنے اور حجاج کرام کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ہرممکن حفاطتی انتظامات کیے گئے۔ حجاج کی خدمت کرنے والے اداروں میں سیکیورٹی ادارے، وزارت داخلہ، اسٹیٹ سیکیورٹی، محکمہ صحت، ہلال احمر، وزارت حج وعمرہ اور دیگر پیش پیش رہے۔ اس کے علاوہ کئی غیر سرکاری رضا کار تنظیموں نے بھی اس کار خیر میں بھرپور حصہ لیا۔عبدالرحمان السدیس کا کہنا تھا کہ اگرچہ رواں سال کرونا کی وجہ سے حجاج کرام کی محدود تعداد کو حج کے لیے منتخب کیا گیا مگر اس موقعے پر حکومت کی طرف سے حجاج کرام کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔