نئی دہلی، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) طوفان اور بجلی سے گذشتہ برس شمالی ہندوستان میں جان و مال کی زبردست تباہی کے مد نظر محکمہ موسمیات نے قبل ازوقت خبردار کرنے کے لیے وارننگ سسٹم تیارکر لیا ہے اور اپریل سے موبائل ایپ کے ذریعہ عام لوگوں کو یہ وارننگ موصول ہونا شروع ہو جائے گی۔ ارضیاتی سائنس کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے پیر کے دن یہاں صحافیوں کو بتایا کہ گذشتہ برس مانسون سے پہلے بڑے پیمانے پر بجلی گرنے کے ساتھ تیز آندھی کے واقعات سامنے آئے تھے ، جن میں دو سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے اور مالی نقصان بھی بہت ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹروولوجی (آئی آئی ٹی ایم) کے سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر ایسا نظام تیار کیا ہے جو بجلی گرنے اور اس کے ساتھ آندھی کی پیش گوئی جاری کرنے کا اہل ہے ۔ یہ ایپ رواں برس اپریل تک جاری کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے بتایاکہ بجلی گرنے کی حقیقی وقت کی اطلاع دینے کے لیے ملک بھر میں 48 لاٹننگ سینسر لگائے گئے ہیں۔ یہ اطلاعات ‘دامنی ’ ایپ پر عام لوگوں کو موصول ہونے شروع ہو گئے ہیں۔ ارضیاتی سائنس کے سکریٹری مادھون راجیون نے بتایا کہ یہ اطلاع دو مرحلوں میں ملے گی۔ اس کے بعد چھ گھنٹے کی پیش گوئی جاری کی جائے گی۔