طوفان ‘وایو’ پر مرکز کی گہری نظر:مودی

   

نئی دہلی،12جون(سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت گجرات اور ملک کے دیگر حصوں میں گردابی طورفان ‘وایو’ کی وجہ سے پیداہونے والی صورت حال پر سخت نظر رکھے ہوئے ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ وہ اس معاملے میں ریاستی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔قومی آفات دستے اور دیگر متعلقہ ایجنسیاں ضروری مدد پہنچانے کے لئے دن رات کام کررہی ہیں۔وزیراعظم نے ٹویٹ کرکے کہا کہ وہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی حفاظت اور بھلائی کے لئے دعا کرتے ہیں۔حکومت اور سبھی ایجنسیاں صورت حال کے بارے میں واضح معلومات دے رہی ہیں اور لوگوں کو ان ایجنسیوں کے ذریعہ دی جانے والی معلومات پر عمل کرناچاہئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گردابی ‘وایو’ کے جمعرات کی صبح 110سے 120 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار س پوربندر اور مہوا کے درمیان ویراول اور دیو علاقے کے آس پاس گجرات ساحل پہنچنے کی امید ہے ۔اس سے گجرات کے ساحلی اضلاع میں بھاری بارش اور سمندر میں ایک سے ڈھیڑ میٹر اونچی لہریں آنے کا خدشہ ہے ۔کچھ ،دوارکا ،پوبندر ،جوناگڑھ،دیو ،گر ،سوم ناتھ،امریلی اور بھاو نگر ضلع کے نچلے ساحلی علاقوں میں سیلاب کابھی خدشہ ہے ۔‘وایو’سے پیدا صورت حال سے نمٹنے کے لئے قومی آفات دستے کی 40ٹیموں کو تعینات کیاگیا ہے اور فوج سے تیار رہنے کے لئے کہاگیا ہے ۔