ویزاگ ائرپورٹ میں میںپانی داخل ہوگیا ۔ تلنگانہ کے 14 اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری ۔موسی ندی و نیک نام پورہ تالاب سے دو نعشیں برآمد
حیدرآباد۔27ستمبر(سیاست نیوز) طوفان’ گلاب’ کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد آج کئی اضلاع میں جاری بارش کے دوران محکمہ موسمیات نے 14 اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے ۔ آئندہ 48 گھنٹوں میںان اضلاع میں موسلادھار اور انتہائی شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ چیف منسٹر نے محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کو نظر میں رکھتے ہوئے 28ستمبر کو ریاست میں تمام دفاتر‘ اسکولوں اور کالجس کو تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ہفتہ کی شب بارش کے سبب کھلے مین ہول میں بہہ جانے والے آئی ٹی پروفیشنل رجنی کانت کی نعش آج نیک نام پورہ تالاب کے قریب دستیاب ہوئی جس کی تلاش ڈی آر ایف ‘ ای وی ڈی ایم کی جانب سے جاری تھی۔ اسی دوران موسیٰ ندی میں بھی ایک نامعلوم نعش دستیاب ہوئی ۔ تلنگانہ ‘ آندھراپردیش کے علاوہ اوڈیشہ میں بارش کے دوران ویزاگ ائیر پورٹ میں پانی داخل ہونے کی اطلاع ہے جبکہ شہر میں بارش کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں ۔ صبح سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوپہر کے بعد موسلادھار بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں سڑکیں جھیل میں تبدیل ہونے لگ گئیں اور نشیبی علاقو ںمیں پانی جمع ہونے لگا ۔ محکمہ پولیس ‘ محکمہ مال ‘ ضلع نظم و نسق کے علاوہ محکمہ بلدی نظم نسق کی جانب سے بارش کو دیکھتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ گھروں سے نہ نکلیں اور جہاں ہیں وہیں محفوظ رہیں۔بہادر پورہ فلائی اوور کی تعمیر اور چوراہے پر جمع پانی کے سبب کوئی ناگہانی واقعہ نہ پیش آئے اس لئے بلدی عہدیدارو ںکی نگرانی میں رسی کی مدد سے شہریوں کو سڑک عبور کروانے انتظامات کئے گئے ۔جوبلی ہلز ‘ مادھا پور‘گچی باؤلی کے علاوہ دیگر علاقو ںمیں مسلسل بارش سے زائد از 2کیلومیٹر ٹریفک جام رہی اور ای وی ڈی ایم و ڈی آر ایف عملہ کو پانی کی نکاسی کرتے دیکھا گیا۔پرانے شہر کے کئی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جامع مسجد چوک کے روبرو پانی جمع ہونے سے دکانات میں پانی داخل ہوا اور مصلیوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔ ریاست کے بیشتر اضلاع میں بارش کے سبب عثمان ساگر‘ حمایت ساگر کے علاوہ نظام ساگر میں پانی جمع ہونے کی رفتار کو دیکھتے ہوئے ان کے علاوہ دیگر پراجکٹس کے دروازوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش بھدراچلم میں 63ملی میٹر ریکار کی گئی جبکہ ضلع میدک میں 48ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔شہر میں شام تک 36ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی اور راماگنڈم میں 36ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔شہر کے بیشتر علاقوں خیریت آباد‘ لکڑی کا پل ‘ نامپلی ‘ ٹولی چوکی ‘ ملے پلی ‘ آغاپورہ‘ مہدی پٹنم‘ عثمان نگر‘ بندلہ گوڑہ ‘ غوث نگر‘ اسمعیل نگر‘ حافظ بابا نگر‘ کالا پتھر کے علاوہ تاڑبن‘ فلک نما‘شاہ علی بنڈہ کے علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ریاست تلنگانہ کے اضلاع محبوب نگر‘ منچریال ‘ میڑچل ‘ رنگاریڈی ‘ آصف آباد‘ نرمل ‘ نظام آباد ‘ کاماریڈی‘ میدک ‘ سنگاریڈی وغیرہ میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی اور بیشتر اضلاع کیلئے الرٹ جاری کیا گیا لیکن 14 اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کرکے انتظامیہ کو چوکسی اختیار کرنے ہدایت دی گئی ۔ آندھرا پردیش کے ساحلی اضلاع میں بھی بھاری بارش ریکارڈ کی گئی اور کئی بس اسٹیشن اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔طوفان ’گلاب‘ کے اثرات اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے سبب آندھراپردیش میں بھاری نقصان کا خدشہ ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ اضلاع کے علاوہ دونوں شہروں میں آئندہ دو یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔م