حیدرآباد۔26ستمبر(سیاست نیوز) طوفان ’’گلاب‘‘ کے اثرات ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں دیکھے جائیں گے اور تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے علاوہ شہر حیدرآباد وسکندرآباد میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی جائے گی۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں موسمی تبدیلی اور امکانی موسلادھار بارش کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان گلاب کے ساحل سے ٹکرانے کے اثرات ریاست تلنگانہ میں محسوس کئے جائیں گے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے اورماہرین موسمیات کے مطابق طوفان گلاب کے سبب تلنگانہ ‘ مہاراشٹرا کے علاوہ کرناٹک کے اضلاع میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ کے مطابق ریاست تلنگانہ میں آئندہ تین یوم کے دوران موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ کے اضلاع جگتیال ‘ نرمل سدی پیٹ‘ یدادری بھونگیر‘جنگاؤں ‘ ورنگل ‘ محبوب آباد اور کھمم میں شدید موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے جبکہ نظام آباد‘ منچریال‘ پدا پلی ‘ کریم نگر‘ میڑچل ‘ ملکا جگری ‘ میدک میں ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔م