غزہ : فلسطین کے علاقے غرب اردن میں اسرائیلی فوج کے طولکرم شہر پر چھاپے کے دوران شہداء الاقصیٰ بریگیڈز کے ساتھ جھڑپ میں متعدد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں زمینی مواصلاتی رابطے، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کردی ہے اور شہریوں سے شمال سے جنوب کی طرف نقل مکانی پر مجبور کیا جا رہا ہے۔مغربی کنارے میں فلسطینی میڈیا نے منگل کو بتایا کہ الاقصیٰ بریگیڈز نے مغربی کنارے میں طولکرم میں دھاوے کے دوران اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے اور ایک فوجی بلڈوزر کو دھماکہ خیز ڈیوائس سے نشانہ بنایا ہے۔شہاب نیوز ایجنسی نے شہداء الاقصیٰ کے شہداء کے حوالے سے کہا ہے کہ اس نے طولکرم کیمپ پر دھاوا بولنے والے اسرائیلی فورسز کو جانی نقصان پہنچایا۔فلسطینی میڈیا نے بتایا ہے کہ طولکرم کے مرکز میں فلسطینی عسکریت پسندوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔