طیارہ میں سوتی ہوئی خاتون مسافر سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے کو سزائے قید

   

نیویارک: ہوائی جہاز میں سوتی ہوئی خاتون مسافر کو چھیڑنے والے ایک امریکی کو جمعرات کو تقریباً دو سال کیلئے جیل بھیج دیا گیا۔50 سالہ محمد جواد انصاری نے فروری 2020 میں کلیولینڈ سے لاس اینجلس جانے والی فلائٹ کی درمیانی نشست پر سوتی ہوئی ایک خاتون کی اندرونی ران پر ہاتھ رکھا تھا۔حکام نے بتایا کہ متاثرہ خاتون جس نے لباس پہنا ہوا تھا، جاگ گئی اور اپنی سیٹ چھوڑ کر کیبن کریو کو حملے کے بارے میں بتانے سے پہلے اس نے انصاری کا ہاتھ دور ہٹا دیا۔
محکمہ انصاف نے کہا کہ انصاری جس نے بدسلوکی پر مبنی جنسی ربط کے الزام سے انکار کیا تھا، مئی میں چار روزہ مقدمے کی سماعت کے بعد قصوروار پایا گیا۔وکیلِ استغاثہ نے لاس اینجلس کی ایک عدالت کو بتایا کہ انصاری کی “چھیڑ چھاڑ سے (متاثرہ خاتون) حیران اور خوفزدہ رہ گئی اور گواہان نے گواہی دی کہ وہ پرواز میں باقی وقت سسکیاں لیتی رہی۔اب متاثرہ خاتون دورانِ سفر پروازوں میں سونے کی جدوجہد کرتی رہتی ہے کیونکہ اسے مسلسل یہ فکر ستاتی رہتی ہے کہ اگر کسی نے مجھے چھوا تو کیا ہوگا؟امریکی ضلعی جج فرنینڈو اینلے روچا نے انصاری کو 21 ماہ کیلئے جیل بھیج دیا اور 40,000 ڈالر سے زائد جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔