پریاگ راج کے مسافرین کا احتجاج، تین گھنٹے تاخیر پر حکام سے بحث و تکرار
حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد پر مسافرین نے آج اس وقت احتجاج کیا جب اسپائس جیٹ ایر لائنز کے حکام پریاگ راج کو پرواز کرنے والی فلائیٹ میں تاخیر کی وجوہات بیان کرنے سے قاصر رہے۔ طیارہ کی روانگی میں غیرمعمولی تاخیر پر مسافرین نے احتجاج کیا اور اسپائس جیٹ ایر لائنز کے عہدیداروں سے بحث و تکرار کی۔ ہنگامہ اس وقت شروع ہوا جب پاسنجرس طیارہ میں سوار ہونے کیلئے بورڈنگ کارڈ حاصل کررہے تھے کہ اچانک طیارہ کی اُڑان میں تاخیر کا اعلان کیا گیا جس کے نتیجہ میں مسافرین اور ایر لائنز اسٹاف کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ مسافرین طیارہ کی روانگی کا حقیقی وقت بتانے کا مطالبہ کررہے تھے۔ طیارہ کی اُڑان صبح 10 بجے شیڈول کے مطابق تھی لیکن اچانک تاخیر کے اعلان سے مسافرین برہم ہوگئے۔ مسافرین کو شکایت تھی کہ کسی وضاحت کے بغیر ہی ایر لائنز حکام نے انہیں چھوڑ دیا ہے۔ پریاگ راج جانے والے مسافرین دراصل کمبھ میلہ میں شرکت کرنا چاہتے تھے۔ کمبھ میلہ کا آج آخری دن تھا لہذا مسافرین نے روانگی میں تاخیر پر برہمی ظاہر کی۔ احتجاجی مسافرین ایرپورٹ میں مذہبی نعرے لگانے لگے۔ ان کا کہنا تھا کہ روانگی میں تاخیر سے انہیں کمبھ میلہ میں شرکت میں تاخیر ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپائس جیٹ کی فلائیٹ تکنیکی خرابی کی بنیاد پر تین گھنٹے تاخیر سے پہنچی تھی اور روانگی میں تاخیر کے اعلان سے مسافرین برہم ہوگئے۔ سیکوریٹی حکام نے مسافرین کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن مذہبی تقریب میں حصہ لینے میں تاخیر کے سبب وہ بحث تکرار کرنے لگے۔ مسافرین نے کہا کہ کمبھ میلہ کا آج آخری دن ہے اور وہ وقت سے پہلے پریاگ راج پہنچنا چاہتے ہیں۔ مسافرین اور اسپائس جیٹ حکام میں بحث و تکرار کی ویڈیوز سوشیل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپائس جیٹ کے اعلیٰ عہدیداروں نے مسافرین کو سمجھانے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ اس مرتبہ حیدرآباد سے پریاگ راج کیلئے فلائیٹس چلائی گئی تھیں اور مسافرین کا کافی ہجوم دیکھا گیا۔ تین گھنٹے تاخیر کے باوجود بھی حکام روانگی کا وقت بتانے سے قاصر تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسافرین نے پریاگ راج کیلئے ٹکٹ 48 ہزار روپئے میں خریدا تھا۔1