ظہیرآباد فلائی اوور کے کاموں میں تیزی، وزراء اور قائدین سے تشکر

   

نیالکل ۔ ظہیرآباد کے قلب میں واقع قومی شاہراہ نمبر 65 ممبئی ۔ حیدرآباد پر ریلوے گیٹ کی موجودگی کے سبب یہاں کی مقامی اور دور دراز سے آنے والے عوام اور ان کی موٹر گاڑیوں کو ہر روز ریلوے پٹری پر سے گذرنے کے دوران ٹریفک مسائل کے علاوہ ایندھن کے نقصانات درپیش تھے۔ ظہیرآباد کے عوام برسوں سے ریلوے گیٹ کی تعمیر کا مطالبہ کررہے تھے۔ اس دوران ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ کے دور سے ظہیرآباد کے موقع پر ظہیرآباد ایم پی بی بی پاٹل ایم ایل اے کے مانک راؤ ایم ایل سی محمد فریدالدین اور رکن ریلوے مشاورتی بورڈ شیخ فرید کے بشمول دیگر ٹی آر ایس قائدین کی نمائندگی پر ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے ریلوے گیٹ پر فلائی اوور بریج کی تعمیر کیلئے مرکزی محکمہ ریلوے سے نمائندگی کرنے کی ظہیرآباد ایم پی بی بی پاٹل کو ہدایت دی تھی۔ ریاستی حکومت نے فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 90 کروڑ روپئے کی رقم کو منظوری دی۔ منظوری کے بعد محکمہ تعمیرات و شوارع کے انجینئرنگ شعبہ نے ٹنڈرس کی طلبی کے ذریعہ تعمیری کام کو گتہ دار کے حوالے کیا۔ گزشتہ چار ماہ سے کووڈ۔19 کے سبب تعمیراتی مزدوروں کی عدم دستیابی سے فلائی اوور کے تعمیری کام رک گیا تھا۔ اب گزشتہ ایک مہینے سے دوبارہ تعمیری کام کا تیزی سے آغاز ہوچکا ہے۔ رکن ریلوے مشاورتی بورڈ شیخ فرید کے مطابق ممبئی ۔ حیدرآباد قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کی زیادتی اور ریلوے گیٹ کے بار بار بند ہونے سے شہر ظہیرآباد میں ایک کیلومیٹر تک ٹریفک رُک جاتی تھی، اس مسئلہ کی یکسوئی 4 لائنز پر مشتمل بائی پاس کی تکمیل کے بعد اسے بھی عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ 42 پلروں پر مشتمل اس فلائی اوور بریج کے تعمیری کام کا گزشتہ ایک ماہ سے تیزی سے آغاز ہوا ہے اور بہت جلد تعمیری کام کی تکمیل کی امید کے ساتھ ظہیرآباد فلائی اوور بریج عنقریب عوام کے استعمال کیلئے دستیاب ہوگی اور اس کے استعمال کے ذریعہ عوام کو راحت حاصل ہوگی۔ رکن ریلوے مشاورتی بورڈ شیخ فرید نے ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ ظہیرآباد پی بی بی پاٹل ایم ایل اے کے مانک راؤ ریاستی حکومت سے فلائی اوور کی تعمیر کیلئے 90 کروڑ روپئے کی منظوری پر اظہار تشکر کیا ہے۔