ظہیرآباد میں پولیس کے معقول بندوبست اور بہتر بلدی انتظامات کیلئے نمائندگی

   

Ferty9 Clinic

ظہیرآباد ۔ 10 اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) صدر مسلم ایکشن کمیٹی ظہیرآباد محمد یوسف کی قیادت میں ایک وفد ڈی ایس پی ظہیرآباد ڈیویژن گنپت جادھو سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور ان سے عیدالاضحی کے موقع پر امن و امان کی برقراری کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بعدازاں مذکورہ وفد نے میونسپلٹی آفس پہنچ کر میونسپل کمشنر وکرم سنہا ریڈی سے ملاقات کی اور انہیں ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے عیدالاضحی کے موقع پر بلدیہ ظہیرآباد میں صاف صفائی اور سربراہی آب کیلئے موثر انتظامات کرنے کی جانب توجہ دلائی گئی ۔ ان موقعوں پر ڈی ایس پی نے عیدالاضحی کے موقع پر پولیس کا معقول بندوبست کرنے جبکہ میونسپل کمشنر نے بہتر انتظامات کرنے کا وفد کو یقین دلایا ۔ وفد میں سرکردہ شخصیتیں محمد ایوب احمد ، معین الدین ، شفیع الدین ایڈوکیٹ ، سمیع الدین ایڈوکیٹ ، محمد اقبال احمد ، محمد فاروق علی ، مولانا محمد اطہر ، شیخ وحید اور نصیر الدین شامل تھے ۔