ظہیرآباد میں کانشی رام کی یوم پیدائش تقریب کا انعقاد

   

ظہیرآباد ۔ 15 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیوابندھن لیڈر ظہیرآباد محمد علا ء الدین نے آج بہوجن سماج پارٹی لیڈر آنجہانی کانشی رام کی یوم پیدائش کے موقع پر ان کی جانب سے بچھڑے طبقات کے لئے کی گئی خدمات کوبھرپور خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ کانشی رام 15 مارچ 1934 کو پنجاب کے ضلع روپار کے گاؤں کاواس پور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 14 اپریل 1984 کو امبیڈکر جینتی کے موقع پر بہوجن سماج پارٹی کی بنیاد رکھی۔ وہ ایک ووٹ ایک نوٹ کے نعرے کے ساتھ عوام کے درمیان گئے اور ان کے پیسے سے انتخابی مہم چلائی۔ انہوں نے ملک گیر تحریک ’’ آئیے ذات پات کا خاتمہ کریں اور ایک کثیر النسل معاشرہ بنائیں ‘‘ کے زیر عنوان شروع کی۔ انہوں نے لوگوں کو بتایا کہ جب آپ کے پاس 85 فیصد ووٹوں کی طاقت ہے تو آپ 15 فیصد ووٹوں پر کیوں انحصار کرتے ہیں۔ ہم ووٹ تو دیتے ہیں کیا اتنی تعداد میں نشستیں ہمارے پاس ہیں ؟ کانشی رام نے یہی نعرہ عوام کو خاص کر پچھڑے طبقات کو دیا تھا۔ ضرورت آج اس بات کی ہے کہ ہم کانشی رام کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کریں ۔