1350 کروڑ روپئے کے اخراجات ، ساوتھ سنٹرل ریلوے سے سروے کا کام مکمل
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ضلع سنگاریڈی کے ظہیر آباد میں نئی ریلوے لائن بچھائی جارہی ہے ۔ ظہیر آباد تا وقار آباد براہ تانڈور 75 کلو میٹر تک ریلوے لائن بچھائی جارہی ہے ۔ اس کے لیے سروے کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔ ماباقی کاموں کی تکمیل کے لیے ساوتھ سنٹرل ریلوے 1350 کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے ۔ تانڈور سمنٹ کلسٹر سے ظہیر آباد تک سامان کی منتقلی کے ساتھ مسافرین کے ضروریات کی تکمیل کے لیے یہ نئی ریلوے لائن معاون و مددگار ثابت ہوگی ۔ اس نئی ریلوے لائن کی تکمیل سے اضلاع سنگاریڈی ، وقار آباد کے علاوہ تلنگانہ ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی سہولت میں مزید اضافہ ہوگا ۔ ساتھ ہی دونوں ریاستوں کے سرحد پر موجود ظہیر آباد علاقے میں صنعتی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا ۔ نظام دور حکومت میں قائم کئے گئے ظہیر آباد ریلوے لائن کو مزید توسیع دینے پر مقامی عوام مسرت کا اظہار کررہے ہیں ۔ ظہیر آباد کے رکن پارلیمنٹ سریش شٹکار کے کاوشوں کی سبھی ستائش کررہے ہیں ۔ فی الحال ظہیر آباد سے تانڈور جانے کے لیے راست طور پر ریلوے لائن نہیں ہے ۔ تانڈور سے ظہیر آباد جانے کے لیے بس سے 54 کلو میٹر کا سفر طئے کرنا پڑتا ہے ۔ تلنگانہ اور کرناٹک کی سرحدیں ملنے سے سڑک کا راستہ مسائل سے دوچار ہوتا ہے ۔ ناقص سڑکوں کی موجودگی سے تانلاور پہونچنے کے لیے کم از کم تین گھنٹے درکار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ظہیر آباد علاقے کے عوام ریلوے راستے کو ذریعہ 104 کلو میٹر سفر کرتے ہوئے وقار آباد پہونچ کر وہاں سے دوسری ٹرین میں 25 کلو میٹر تانڈور کو پہونچتے ہیں ۔ تانڈور میں سمنٹ فیکٹریز کی اکثریت کی وجہ سے ظہیر آباد سے ساز و سامان ٹرانسپورٹ کرنے کے علاوہ عوام کی آمد و رفت بھی زیادہ ہوتی ہے ۔ ظہیر آباد سے تانڈور کو نئی ریلوے لائن بچھانے سے کم قیمت پر سہولتوں کے ساتھ کم وقت پر پہونچنے کی عوام کو سہولت حاصل ہوگی ۔۔ 2