صدر اردو اکیڈیمی جدہ حافظ محمد عبدالسلام، معتمد سید نعیم الدین باری اور دیگر کا اظہار رنج و غم
جدہ۔ سعودی عرب 11 اگست (ذریعہ ای میل) اردو اکیڈیمی جدّہ کے صدر مولانا حافظ محمد عبدالسلام نقشبندی اور تمام ذمّہ داران نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ روزنامہ سیاست حیدرآباد کے منیجنگ ایڈیٹر و بے باک صحافی جناب ظہیر الدین علی خان کا سانحہ ارتحال اردو صحافت کے لئے خصوصاً اور عوام النّاس کے لئے عموماً ایک عظیم نقصان ہے۔ مرحوم کی قائدانہ صلاحیت کے ذریعہ عوام النّاس کو ہمیشہ فائدہ پہنچتا رہا ہے۔ وہ ملّت اسلامیہ کی فلاح وبہبود کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتے۔ ہمیشہ حق اور باطل کے درمیان جنگ جاری رکھی اور باطل کے خلاف ڈٹے رہے۔ اپنی دیرینہ خدمات کی وجہ سے وہ عوام الناس میں کافی مقبول تھے۔ بات اْردو دانی زبان دانی کے حوالہ سے ہو‘نوجوانوں کے روزگار کے لئے منعقدکئے جانے والے پروگرامس کی ہو یا فنِ خطاطی کے حوالہ سے ہو اپنے منفرد نظم ونسق کے ذریعہ ہر کام کو بحسن و خوبی کامیاب کیا کرتے اور آخری دم تک ملّت اسلامیہ کی خدمت کرتے رہے۔ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دْعا ہے کہ مرحوم کی بیحد مغفرت فرمائے۔ معتمد اردو اکیڈیمی جدہ جناب سید نعیم الدین باری متوطن محبوب نگر کے علاوہ اکیڈیمی کے دیگر ذمہ داروں نے بھی جناب ظہیر الدین علی خاں کی قومی، ملی، سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور قوم و ملت بالخصوص غریبوں، محتاجوں، مظلومین، بے کسوں کے حقوق و انصاف کے لئے مرحوم کی خدمات کو یادگار اور قابل تقلید قرار دیا۔ اللہ تعالیٰ انہیں جوار رحمت میں جگہ، لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور قوم و ملت کو ان کا نعم البدل نصیب ہو۔