عامر علی خاں ایم ایل سی کی پروفیسر ہرا گوپال اور پروفیسر سائی بابا سے ملاقات ، مختلف امور پر بات چیت
حیدرآباد۔23۔اگسٹ(سیاست نیوز) جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل کی پروفیسر ہرا گوپال اور پروفیسر جی این سائی بابا سے ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ اس ملاقات کے دوران پروفیسر ہرا گوپال اور پروفیسر جی ایس سائی بابا نے جناب ظہیر الدین علی خان مرحوم منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کی قوم و ملت کے لئے خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ معروف جہدکار برائے انسانی حقوق پروفیسر ہرا گوپال اور پروفیسر جی این سائی بابا سے تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹس یونین کے دفتر میں ہوئی اتفاقی ملاقات کے دوران دونوں جہدکاروں نے جناب عامر علی خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بھارت جوڑو ابھیان کے ذریعہ فرقہ پرستی کا خاتمہ کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں میں جناب ظہیر الدین علی خان کا اہم کردار رہا ہے۔ پروفیسر جی ایس سائی بابا نے اس ملاقات کے دوران انکشاف کیا کہ انہوں نے انقلابی شاعرفیض احمد فیض کی شاعری کا تلگو ترجمہ کیا ہے اور جلد ہی یہ ترجمہ منظر عام پر آئے گا۔ انہو ںنے جناب عامر علی خان سے توقع ظاہر کی کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد کریں گے اور کمزور طبقات کی ایوان میں آواز بن کر ابھریں گے۔ پروفیسر ہراگوپال اور پروفیسر جی این سائی بابا سے بات چیت کے دوران جناب عامر علی خان نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ اور پچھڑے ہوئے طبقات بالخصوص اقلیتوں ‘ ایس سی اور ایس ٹی طبقات کی ترقی ان کی ترجیح ہیں اور سماج کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف اور ان کی مساوی ترقی کو یقینی بنانے کی کوشش ان کا مقصد ہے۔ پروفیسر جی این سائی بابا اور پروفیسر ہرا گوپال کے ہمراہ اس ملاقات کے دوران صدر ٹی یو ڈبلیو جے جناب وراحت علی کے علاوہ دیگر ذمہ داران اور صحافی موجود تھے ۔3