نئی دہلی : دہلی ویمن کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال کو راجیہ سبھا بھیجنے کا فیصلہ کرنے کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے بھی ارکان پارلیمنٹ سنجے سنگھ اور این ڈی گپتا کو دوبارہ راجیہ سبھا بھیجنے کا فیصلہ کیا۔عآپ نے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی کی سیاسی امور کی کمیٹی نے جمعہ کو مس مالیوال، مسٹر سنگھ اور مسٹر گپتا کو دہلی سے راجیہ سبھا بھیجنے کی منظوری دے دی ہے ۔ پارٹی کنوینر اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کی زیر صدارت سیاسی امور کی کمیٹی کی میٹنگ میں موجودہ مسٹر سنگھ اور مسٹر گپتا کو راجیہ سبھا کے لئے دوبارہ نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ ایم پی سشیل کمار گپتا نے ہریانہ کی انتخابی سیاست میں سرگرمی سے کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے اور پارٹی ان کے فیصلے کا مکمل احترام کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شریمتی مالیوال کو سال 2015 میں دہلی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن مقرر کیا گیا تھا۔ دہلی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن کے طور پر انہوں نے تیزاب کے حملوں، جنسی ہراسانی اور خواتین کی حفاظت جیسے سنگین مسائل سے نمٹنے کے لیے پہل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ خواتین کی بہبود اور ان کے حقوق کے لیے ان کی کوششوں کی وجہ سے آج وہ ہندوستان میں سماجی سرگرمی کے میدان میں کام کرنے والا ایک نمایاں چہرہ ہے ۔