عائشہ خودکشی کیس:سنگدل شوہر کو بیوی کی موت کا ملال نہیں

   

لاک اپ میں پوچھ گچھ کے دوران سردمہری پر پولیس بھی حیران

احمد آباد: احمد آباد میں عائشہ خودکشی کے معاملے میں گجرات پولیس نے پیر کی رات راجستھان سے اس کے شوہر عارف کو گرفتار کیا۔ منگل کی شام پولیس اسے احمد آباد لے گئی ، جہاں لاک اپ میں اس سے پوچھ گچھ کی گئی۔ لاک اپ میں گرفتاری سے لے کر پوچھ گچھ تک یہ دیکھا گیا کہ عارف کو عائشہ کی خودکشی پر کوئی رنج نہیں تھا۔احمد آباد پولیس کے ڈی سی پی رویندر پٹیل نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران عارف کا رویہ چونکانے والا تھا، عائشہ کے اسقاط حمل کے بارے میں بھی ان سے سوالات پوچھے گئے ، جس پر اس نے حامی بھرلی۔ یعنی عائشہ کے اہل خانہ کا یہ الزام درست پایا گیا ہیکہ اسقاط حمل کے بعد عائشہ کی حالت سنگین ہونے کے باوجود عارف اسے دیکھنے بھی نہیں آیا تھا۔ راجستھان کے شہر جالور میں رہنے والے عارف پر عائشہ کو خود کشی کیلئے مجبور کرنے کا الزام ہے۔ اسے پیر کی رات گجرات پولیس نے پالی سے گرفتار کیا تھا۔عائشہ نے گذشتہ ہفتے دریائے سابرمتی میں کود کر خودکشی کرلی تھی۔ خودکشی سے پہلے اس نے ایک ویڈیو بنائی تھی اور اسے عارف کے پاس بھیج دیا تھا۔ عائشہ کی خودکشی کے بعد جب یہ ویڈیو وائرل ہوا تو راجستھان کے جالور میں رہنے والا شوہر عارف گھر سے فرار ہوگیا تھا، جب گجرات پولیس جالور میں اس کے گھر پہنچی تو کنبہ کے افراد نے بتایا تھا کہ وہ کسی شادی میں گیا ہوا ہے۔ اس کے بعد عارف کو پیر کی رات موبائل لوکیشن کی بنیاد پر پالی سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے عارف کو سٹی مجسٹریٹ عدالت میں پیش کرکے پولیس نے 5 دن کا ریمانڈ حاصل کیا ،لیکن عدالت نے 3 روزہ ریمانڈ دیا۔اسے 6 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔