عائشہ سلطانہ پرغداری کے کیس سے ناراض 15 بی جے پی قائدین مستعفی

   

تھروننتا پورم :فلمساز، اداکار اور سماجی کارکن عائشہ سلطانہ پر ملک سے غداری کا کیس درج کرا کر لکشدیپ یونٹ کے بی جے پی صدر عبدالقادر خود بری طرح سے مشکل میں پھنستے نظر آ رہے ہیں۔ ان کا یہ عمل پارٹی لیڈروں کو ہی پسند نہیں آ رہا ہے اور نتیجہ کار لکشدیپ کے 15 بی جے پی لیڈران و کارکنان نے پارٹی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ 12 بی جے پی لیڈروں کا دستخط شدہ خط بھی بی جے پی یونٹ صدر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔دراصل عبدالقادر نے عائشہ سلطانہ کے خلاف کورتّی پولیس اسٹیشن میں شکایت کرتے ہوئے دفعہA 124 (ملک سے غداری) اور 153 بی (نفرت آمیز بیان) کے تحت کیس درج کرایا تھا۔ اس عمل کے خلاف لکشدیپ کی کئی معزز شخصیتوں نے آواز اٹھائی تھی، اور اب بی جے پی میں ہی طوفان برپا ہو گیا ہے۔ میڈیاکے مطابق استعفیٰ دینے والے بی جے پی لیڈروں میں عبدالحمید بھی شامل ہیں جو کہ بی جے پی کے ریاستی سکریٹری ہیں۔ ذرائع کے مطابق 12 لیڈران و کارکنان کے ذریعہ دستخط شدہ خط عبدالقادر کو بھیجا گیا ہے۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ ’’لکشدیپ میں بی جے پی اس بات سے پوری طرح واقف ہے کہ کس طرح موجودہ حکمراں پٹیل کی حرکتیں عوام مخالف، جمہوریت مخالف ہیں اور لوگ اس سے کافی پریشان ہیں۔‘‘