عابڈس سے مغویہ کمسن لڑکی برآمد، اغواء کنندہ گرفتار

   

تاوان کی ادائیگی کیلئے فون کال سے ملزم کے مقام کی نشاندہی
حیدرآباد : /4 اگست (سیاست نیوز) کمسن بچی کا عابڈس علاقہ سے اغواء کرنے والے اغواء کنندے کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور مغویہ لڑکی کو اس کے چنگل سے چھڑالیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون اشکانس یادو نے بتایا کہ /3 اگست کو 6 سالہ کمسن لڑکی پرگتی کا ایک نامعلوم شخص نے کٹل منڈی علاقہ سے اغواء کرلیا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی اور پولیس عابڈس نے اغواء کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغواء کنندے کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے کتور علاقہ میں گرفتار کرتے ہوئے مغویہ لڑکی کو اس کے چنگل سے بچالیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ بہار سے تعلق رکھنے والے محمد بلال انصاری کو اس معاملہ میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نے لڑکی کو تنہا دیکھ کر اس کا کٹل منڈی علاقہ سے اغوا ء کرلیا اور بعد ازاں اسے آٹو میں افضل گنج بس اسٹاپ منتقل کرتے ہوئے درگاہ جھانگیر پیراں کی آر ٹی سی بس میں سوار ہوگیا ۔ مغویہ لڑکی کو کوتور کے انمول نراول ولیج منتقل کیا اور یہاں پر اس نے زیرتعمیر عمارت میں پناہ لی ۔ مغویہ لڑکی کے باپ کو فون کرکے تاوان کا مطالبہ کرنے پر پولیس نے اس کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ سابق میں تین مقدمات بشمول موٹر سائیکل کا سرقہ اور دو کمسن لڑکیوں کے اغواء اور عصمت ریزی کے وارداتوں میں ملوث ہے ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔