حج کمیٹی کا تربیتی اجتماع، مولانا ضیاء الدین نقشبندی، محمد سلیم اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے زیر اہتمام آج مسجد بغدادی ٹیک نامپلی میں عازمین حج کا 9 واں تربیتی اجتماع منعقد ہوا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم، مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی، مولانا حافظ شیخ احمد محی الدین قادری، مولانا مفتی محمد تجمل حسین قاسمی، رکن اسمبلی نامپلی جعفر حسین معراج اور جناب منیر الدین احمد مختار نے خطاب کرتے ہوئے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران دنیاوی اُمور پر توجہ دیئے بغیر زیادہ تر وقت عبادات اور اذکار میں صرف کریں۔ مقررین نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے آداب ملحوظ رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ عازمین حج کو عمرہ اور حج کے علاوہ مدینہ منورہ کی زیارت سے متعلق تمام ضروری احکامات سے واقفیت رکھنی چاہیئے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے کہاکہ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ عازمین حج سیل فون اور سوشیل میڈیا کی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کی سعادت کا حاصل ہونا باعث خوش قسمتی ہے اور ہر لمحہ کو نیکیوں کے حصول میں صرف کرنا چاہیئے۔ علمائے کرام نے مناسک حج کی تفصیلات بیان کیں اور احتیاطی اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے حج کیمپ سے ایر پورٹ تک ضروری امور کی تکمیل سے واقف کرایا۔ عازمین حج نے اس موقع پر علمائے کرام سے مختلف سوالات کئے اور انہیں احرام باندھنے کے عملی مظاہرہ سے واقف کرایا گیا۔ر