عازمین حج کیلئے بہتر خدمات کا عزم

   


حج سوسائٹی محبوب نگر کے دوبارہ منتخب صدر الحاج محمد محمود علی کا بیان، تہنیت کی پیشکشی

محبوب نگر : 22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حج سوسائٹی محبوب نگر کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر الحاج محمد محمود علی کو محبوب نگر کے علاوہ دیگر مقامات سے بھی مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ 20 نومبر کو مستقر محبوب نگر کے شاہلیمار گارڈن میں حج سوسائٹی محبوب نگر کے اتنخاب جناب محمد عبدالحمید (الیکشن آفیسر) کی نگرانی میں منعقد ہوئے۔ قواعد کے لحاظ سے یہ انتخابات 2 سال میں ہونا تھا لیکن کورونا کے ابتر حالات کی وجہ سے منعقد نہیں ہوسکے تھے۔ انتخابات میں سوسائٹی کے موجودہ صدر محمد محمود علی کے بالمقابل محمد ریاض افسر تھے۔ جملہ 108 رائے دہندگان میں سے 98 رائے دہندوں نے رائے دہی میں حصہ لیا محمد محمود علی کو 80 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ محمد ریاض افسر کو 18 ووٹ ملے۔ اسی طرح جنرل سکریٹری کے لیے موجودہ جنرل سکریٹری سید نعیم الدین کے بالمقابل محمد معراج تھے۔ محمد معراج کو 73 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ سید نعیم الدین کو 25 ووٹ ملے۔ کامیابی کے بعد محمد محمود علی صدر اور محمد معراج جنرل سکریٹری نے رائے دہندگان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ عازمین حج کی خدمت اور ان کے بہتر سے بہتر انتظامات میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔ محمد محمود علی نے اپنی گزشتہ میعاد کے دوران کورونا کے نامساعد حالات میں بھی عازمین کے لیے تربیتی اجتماعات منعقد کئے۔ علماء و مشائخین کے بیانات کے لیے جدید ٹیکنالوجی (پروجیکٹر) کے ذریعہ بھی سفر و مناسک حج کی تفصیلات سے واقف کروایا۔