عازمین حج کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی ، وقف بورڈ سے 10 کروڑ روپیوں کی اجرائی ، محمد مسیح اللہ خاں کا بیان

   

حیدرآباد۔24۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) حج ہاؤز میں عازمین حج کی آمد اور ان کے لئے سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے 10کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں لائی گئی اور حج ہاؤز کی عمارت سے متصل زیر تعمیر ڈھانچہ کے نیچے جمع پانی کی صفائی کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے حج ہاؤز میں صفائی اور عازمین حج کے لئے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے اور عمارت کی مختلف منزلوں پر موجود سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کے لئے جاری کی گئی اس رقم کے سلسلہ میں بتایا کہ حج ہاؤز کی عمارت میں موجود کمروں کی صفائی اور بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کے علاوہ آہک پاشی کے اقدامات کی تکمیل کے لئے یہ رقم جاری کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حج کیمپ کے دوران عازمین کو حج ہاؤز میں بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے اپنے طور پر صفائی ‘ رنگ و روغن کے اقدامات کئے جاچکے ہیں۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر ڈھانچہ کے نیچے جمع پانی کے اخراج کے علاوہ مکمل صفائی کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس ڈھانچہ کے سیلر کی صفائی اور ادویات کے چھڑکاؤ کی خواہش کی گئی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حج ہاؤز کی عمارت میں حج کیمپ کے دوران تمام لفٹس کو کارکرد رکھنے اور عازمین کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے علاوہ وقف بورڈ کے عملہ کو بھی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔م