عازمین حج کیلئے حکومت کی جانب سے تمام تر سہولتوں کی فراہمی: ہریش راؤ

   

ٹیکہ اندازی کیمپ کا افتتاح، شہر اور اضلاع میں ٹیکہ اندازی، حج گائیڈ کی رسم اجراء
حیدرآباد۔22۔مئی (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے آج حج ہاؤز نامپلی میں عازمین حج کے لئے ٹیکہ اندازی کیمپ کا افتتاح کیا۔ حکومت کی جانب سے ریاست کے تمام اضلاع میں عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی اور ہیلت اسکریننگ کیمپ کی سہولت سرکاری ہاسپٹلس میں فراہم کی ہے۔ ہریش راؤ نے ٹیکہ اندازی کیمپ کے افتتاح کے بعد عازمین کو ٹیکہ اندازی کے ڈراپس پلائے۔ انہوں نے مناسک حج اور دیگر امور کی رہنمائی سے متعلق حج گائیڈ کی رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم ، صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں، صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اسحاق امتیاز ، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج ، رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ ، کمشنر ہیلت شویتا موہنتی اور حج کمیٹی کے ارکان موجود تھے۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے خطاب کرتے ہوئے عازمین حج کیلئے حکومت کی جانب سے دی جارہی سہولتوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت ہر سال کی طرح حج کیمپ اور ایرپورٹ پر بہتر انتظامات کر رہی ہے۔ ہریش راؤ نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ریاستی حکومت ، ریاستی عوام اور اپنے افراد خاندان کے حق میں خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ۔ انہوں نے حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ گزشتہ سال حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کو ملک میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کی ستائش کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ دو مرتبہ وقف بورڈ کے صدرنشین اور ایک مرتبہ قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے عوامی خدمات کا کافی تجربہ ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ عازمین حج کے انتظامات میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے اور حکومت کی جانب سے ٹیکہ اندازی کا مفت انتظام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ کے انعقاد کے لئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا ۔ ہریش راؤ کے مطابق حیدرآباد کے علاوہ تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر ٹیکہ اندازہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت تمام طبقات کی بھلائی کے اقدامات کر رہی ہے ۔ اقلیتی بہبود کیلئے تلنگانہ کی اسکیمات کی مثال ملک کے کسی اور ریاست میں نہیں ملتی۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد دی جارہی ہے۔ اقلیتی اقامتی اسکولوں اور جونیئر کالجس میں معیاری تعلیم کا انتظام ہے۔ بیرونی ممالک میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کیلئے اوورسیز اسکالرشپ فراہم کی جارہی ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر ملک کے واحد سیکولر قائد ہیں جنہوں نے اپنی حکومت میں تمام طبقات کی بھلائی کے اقدامات کئے ۔ انہوں نے ٹیکہ اندازی اور ہیلت اسکریننگ کیمپ کے انعقاد میں محکمہ صحت کے مکمل تعاون پر ہریش راؤ سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ میں نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں گے ۔ عازمین حج کو انتظامات کے بارے میں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عازمین کیلئے خیریت آباد گورنمنٹ ہاسپٹل ، نامپلی گورنمنٹ ہاسپٹل ، ملک پیٹ گورنمنٹ ہاسپٹل اور کنگ کوٹھی گورنمنٹ ہاسپٹل میں ٹیکہ اندازی اور ہیلت اسکریننگ کا انتظام کیا گیا ۔ حج ہاؤز میں منعقدہ ٹیکہ اندازی کیمپ سے 600 سے زائد عازمین نے استفادہ کیا۔ر