سرکاری خرچ پر ڈیزل آٹوز کی الیکٹرک آٹو میں تبدیلی، SIR مہم پر چوکسی کا مشورہ، عازمین حج کے قافلہ کو حج ہاؤز سے وداع کیا گیا
حیدرآباد ۔8۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے 7,000 عازمین حج کے فضائی کرایہ میں 10,000 روپئے کے اضافہ کو حکومت سے ادا کرنے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے آٹو ڈرائیورس کے آٹوز کو سرکاری خرچ پر ڈیزل سے الیکٹرک آٹو میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ۔ ریونت ریڈی آج حج ہاؤز نامپلی میں عازمین حج کے 12 ویں قافلہ کی وداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ ریونت ریڈی نے عازمین حج کی بس کو جھنڈی دکھاکر ایرپورٹ روانہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے مغربی ایشیاء میں کشیدگی کے نتیجہ میں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ مرکز نے عازمین حج کے فضائی کرایہ میں اچانک فی کس 10 ہزار روپئے کا اضافہ کردیا جو عازمین پر غیر معمولی بوجھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تلنگانہ کے سات ہزار عازمین حج کو دس ہزار روپئے کے اضافی کرایہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لمحہ آخر میں کرایہ میں اضافہ سے عازمین کیلئے رقم کا انتظام کرنا دشوار کن مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی فینانس کارپوریشن سے حیدرآباد میں ڈیزل سے چلنے والے آٹوز کو الیکٹرک آٹو میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں تقریباً دو لاکھ آٹوز چلائے جاتے ہیں اور زیادہ تر آٹو ڈرائیورس اقلیتی طبقہ کے ہیں۔ ڈیزل کا روزانہ خرچ 300 تا 400 روپئے ہورہا ہے۔ حکومت پانچ مختلف کمپنیوں سے بات چیت کر رہی ہے اور سرکاری خرچ پر ڈیزل سے الیکٹرک آٹو میں تبدیل کرکے ہر ماہ 10 ہزار روپئے کی بچت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی اسکیم کا اعلان ہوگا جس کے تحت آٹو ڈرائیورس کو آن لائین درخواستیں داخل کرنی ہونگی۔ چیف منسٹر عازمین حج کو مقدس فریضہ کیلئے روانگی پر مبارکباد دی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ جسے منتخب کرتا ہے ، وہی حج کیلئے جاسکتے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت میں اقلیتیں محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ کے قریب بس سانحہ میں فوت ہونے والے 44 معتمرین کے افراد خاندان کو حکومت کے خرچ پر مدینہ منورہ روانہ کیا گیا تاکہ وہ تدفین میں شریک ہوسکیں۔ ہر متاثرہ خاندان کو فی کس پانچ لاکھ رپوئے روپئے کی امداد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور روزگار میں مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ سرکاری جائیدادوں پر تقررات میں مسلم اقلیت کی حصہ داری تقریباً 10 فیصد ہے۔ ہاؤزنگ اسکیم میں بھی مسلم اقلیت کو علحدہ حصہ داری دی جائیگی۔ اوورسیز اسکالراسکیم کے تحت ہر سال 500 اقلیتی طلبہ کو بیرونی ممالک میں تعلیم کیلئے امداد دی جارہی ہے۔ حکومت نے جاریہ سال سے کرسچین طبقہ کے 100 طلبہ کو بیرونی ممالک میں تعلیم کیلئے امداد کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بہتر روزگار کیلئے تعلیم کے ساتھ ہنر کی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے تمام آئی ٹی آئی کو اڈونسڈ ٹکنالوجی سنٹرس میں تبدیلی کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعہ جرمنی ، جاپان اور ساؤتھ کوریا میں بہتر روزگار کے مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک اور امریکہ کے علاوہ اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعہ دیگر ممالک کا رخت کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی مدد کیلئے ان کی حکومت ہمیشہ تیار رہے گی۔ پرانے شہر کی ترقی کیلئے میٹرو ریل پراجکٹ پر عمل کیا جارہا ہے اور تاریخی میر عالم منڈی کو 500 کروڑ سے ترقی دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر کے ذریعہ حیدرآباد و تلنگانہ پر کنٹرول پانے کی کوششوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندو اور مسلمان میرے لئے دو آنکھ کی طرح ہیں۔ مغربی بنگال ، دہلی ، بہار اور اترپردیش میں SIR کے نام پر اقلیتوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ کرناٹک ، ٹاملناڈو اور کیرالا میں فرقہ پرست طاقتوں کے داخلوں کو روک دیا گیا۔ تلنگانہ میں بھی فرقہ پرست طاقتوں کو روکنے میں آگے رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر مہم کے ذریعہ فرقہ پرست طاقتوں کوتلنگانہ میں قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ چیف منسٹر نے عازمین حج سے تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعاؤں کی اپیل کی۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین ، رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے بھی مخاطب کیا۔ صدرنشین حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے خیرمقدم کیا۔ تقریب میں صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی ، صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان ، صدرنشین ٹمریز فہیم قریشی ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبداللہ کوتوال ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، رکن اسمبلی جعفر حسین معراج ، رکن کونسل ریاض الحسن آفندی اور محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار اور حج کمیٹی ارکان موجود تھے۔1/k