حج کمیٹی آف انڈیا کا مکتوب، حج ہاوز میں خصوصی کیمپ کی مساعی
حیدرآباد۔/11 اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2023 کے منتخب عازمین حج کو میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹس کی اجرائی کے سلسلہ میں حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو خصوصی کیمپس منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ نے ریاستی حج کمیٹیوںکو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ21 مارچ کو سکریٹری ہیلت حکومت ہند نے عازمین حج کیلئے میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹس کے بارے میں ہدایت دی۔ ریاستی حج کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ عازمین کی سہولت کیلئے خصوصی میڈیکل اسکریننگ کیمپ منعقد کریں جہاں سرکاری ڈاکٹرس یا میڈیکل آفیسر کے ذریعہ سرٹیفکیٹس کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ حج کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ ریاستوں کے وزارت اقلیتی بہبود اور ہیلت سے اشتراک کرتے ہوئے کیمپ منعقد کریں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حج ہاوز میں حکومت کی جانب سے میڈیکل اسکریننگ کیمپ کے انعقاد کیلئے مکتوب روانہ کریں۔ عازمین حج کو سرکاری دواخانوں اور بستی دواخانوں کے چکر کاٹنے سے بچانے کیلئے حج کیمپ میں خصوصی سہولت کی تجویز ہے۔ منتخب عازمین حج جنہوں نے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا ہے وہ حج کمیٹی میں اوریجنل پاسپورٹ کے ساتھ دستاویزات جمع کررہے ہیں۔ دستاویزات جمع کرنے کیلئے حج کمیٹی کے آفس پر روزانہ عازمین کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔ حج کمیٹی کے ملازمین شام تک عازمین حج کی دستاویزات کو قبول کررہے ہیں۔ اگرچہ 10 اپریل سے آغاز ہوچکا ہے اور 13 اپریل تک یہ سہولت رہے گی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کور نمبرس کی شرط کے بغیر عازمین حج کی دستاویزات کو آخری تاریخ سے قبل قبول کیا جائے گا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج مصارف کی اڈوانس رقم کے طور پر 81800 روپئے کی ادائیگی کی آخری تاریخ 12 اپریل کو مقرر کی ہے۔ منتخب عازمین 14 اپریل تک اپنے دستاویزات حج کمیٹی میں جمع کراسکتے ہیں۔ر