عازمین حج کے پاسپورٹ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے مرکزی حکومت کی ہدایت، ریجنل پاسپورٹ دفاتر کو سرکولر جاری

   

حیدرآباد۔/11ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزارت خارجہ نے ملک کے تمام ریجنل پاسپورٹ دفاتر کو ہدایت دی ہے کہ حج 2025 کی ادائیگی کے خواہشمند درخواست گذاروں کے پاسپورٹ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے۔ مرکزی وزارت خارجہ کے جائنٹ سکریٹری نے اس سلسلہ میں سرکولر جاری کرتے ہوئے تمام علاقائی پاسپورٹ دفاتر کو پابند کیا ہے کہ عازمین حج کی پاسپورٹ درخواستوں کی یکسوئی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔ وزارت اقلیتی امور نے وزارت خارجہ کو اطلاع دی ہے کہ حج 2025 کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ حج درخواست گذاروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ انٹر نیشنل پاسپورٹ پیش کریں جو 23 ستمبر سے قبل جاری کردہ ہو اور اس کی مدت 15 جنوری 2026 تک ہونی چاہیئے۔ تمام ریجنل پاسپورٹ دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حج درخواست گذاروں کی پاسپورٹ درخواستوں کی عاجلانہ طور پر یکسوئی کریں۔ پولیس ویریفکیشن اور دیگر ضروری امور کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی گئی۔ پاسپورٹ دفاتر کو پابند کیا گیا کہ وہ اپائنٹمنٹ کا سلاٹ بھی جلد الاٹ کریں۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا لیاقت علی آفاقی نے ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر کی تفصیلات روانہ کی ہیں۔1