عاشقی کے بعد شادی سے اِنکار پر نوجوان کی خودکشی

   

حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) بیوہ خاتون سے عاشقی اور شادی سے انکار پر ایک نوجوان نے خودکشی کرلی۔یہ واقعہ پرانے شہر کے علاقہ کاماٹی پورہ حدود میں پیش آیا تاہم متوفی کے رشتہ داروں نے بیوہ خاتون پر الزام لگایا کہ متوفی نے خاتون کی ہراسانی سے تنگ آکرانتہائی اقدام کرلیا۔ کاماٹی پورہ پولیس کے مطابق ای گنیش جس کی عمر تقریباً 19 سال بتائی گئی ہے، اس نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع کے مطابق گنیش پاڑدی دائرہ علاقہ کے ساکن دیپو کا بیٹا تھا جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا، گنیش جہاں کام کرتا تھا، وہاں ایک 20 سالہ خاتون بھی ملازمت کرتی تھی جو بیوہ ہے۔ اس کے اور گنیش کے درمیان دوستی ہوگئی جو تعلقات تک پہونچ گئی۔ بیوہ خاتون سے گنیش محبت کرنے لگا اور شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس بات پر متوفی کے افراد خاندان برہم ہوگئے اور گھریلو مسائل پیدا ہوگئے۔ گنیش کو اس کی بہن نے کسی اور مقام پر منتقل کروایا جس کے بعد بیوہ معشوقہ نے گنیش کو مسلسل فون کرتے ہوئے سخت نتائج کی دھمکیاں دیں اور شادی کیلئے شدید دباؤ ڈالا۔ یہ الزامات گنیش کے رشتہ داروں نے پولیس سے کی گئی شکایت میں لگائے۔ پولیس کاماٹی پورہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع