عاشق نے لڑکی کا قتل کردیا ۔ خودکشی کی کوشش

   

حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) محبت سے انکار پر برہم جنونی عاشق نے لڑکی کاقتل کردیا ۔ سائبر آباد کے علاقہ گچی باؤلی پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں ایک جنونی عاشق نے لڑکی کا قتل کردیا اور بچاؤ کرنے والے لڑکی کے ساتھیوں کو زخمی کردیا۔ یکطرفہ محبت کا شکار اس جنونی عاشق نے قتل کے بعد خودکشی کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ دیپا تامنگ‘ راکیش نامی جنونی کے حملہ میں ہلاک ہوگئی۔ دیپا کا تعلق مغربی بنگال سے بتایا گیا ہے جو پیشہ سے بیوٹیشن تھی اور وہ اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ گوپن پلی تانڈہ میں رہتی تھی۔ راکیش کا تعلق بیدر سے بتایا گیا ۔ کچھ عرصہ سے راکیش دیپا کے پیچھے پڑ گیا تھا اور لڑکی پر محبت کیلئے دباؤ ڈال رہاتھا اور شادی کیلئے تنگ کررہا تھا لیکن بیوٹیشن دیپا نے راکیش کی پیشکش کو ٹھکرادیا تھا جس پر راکیش برہم ہوگیا تھا اور اس نے دیپا کے مکان پہنچ کر حملہ کردیا۔ اس دوران دیپا کے ساتھیوں نے اس جنونی کے حملہ سے دیپا کو بچانے کی کوشش کی لیکن راکیش نے ان پر بھی حملہ کردیا جس کے سبب دیپا کے تین ساتھی زخمی ہوگئے۔ اطلاع کے مطابق راکیش نے فرار ہو کر معین آباد کا رُخ کیا اور برقی پول پر چڑھ گیا اور تاروں کو پکڑ کر خودکشی کی کوشش کی۔ راکیش کو دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔ع