حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) سنٹرل وقف کونسل نے نارائن پیٹ ضلع میں قدیم عاشور خانہ کے سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں انہدام کا نوٹ لیا ہے۔ کونسل کے سکریٹری ڈاکٹر ایس اے ایس نقوی نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے سنٹرل وقف کونسل کے رکن سید حنیف علی سے عاشور خانہ کا دورہ کرنے کی خواہش کی ہے تاکہ حقیقی صورتحال کا پتہ چلایا جاسکے۔ رکن سنٹرل وقف کونسل کے دورہ اور اُن کی رپورٹ کے بعد عاشور خانہ کی دوبارہ تعمیر اور اس کے تحفظ کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ سکریٹری کونسل نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ دورہ کے سلسلہ میں حنیف علی کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کریں۔ صدر حسینی آرگنائزیشن علمدار حسین نے قدیم عاشور خانہ کے انہدام کے خلاف سنٹرل وقف کونسل سے نمائندگی کی۔ واضح رہے کہ سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں محکمہ آر اینڈ بی نے عاشور خانہ منہدم کردیا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی کی مداخلت پر ضلع کلکٹر نے متبادل اراضی فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔
