عالمگیر مسجد شانتی نگر میں طلبہ کو امتحانی تیاری کے لیے مطالعہ کا موقع

   

عشاء تا فجر خصوصی انتظام ، مختلف مضامین کے ماہرین کی رہنمائی ، لکچرس پر بھی توجہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( راست ) : عالمگیر مسجد کمیٹی شانتی نگر نے طلبہ کو تعلیم کا مطالعہ کرنے کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جس پر 2 مارچ سے عمل آوری کا آغاز ہوگا ۔ کمیٹی کے بموجب ایسے طلبہ جو آٹھویں ، نویں اور دسویں کے علاوہ انٹر میڈیٹ سال اول و دوم ، ڈگری کورسیس بشمول انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی ، بی ایڈ ، لا سیٹ اور مختلف پوسٹ گریجویٹ کورسیس جیسے ایم بی اے امتحانات منعقد شدنی مارچ تا مئی 2020 کو تعلیم اور مطالعہ کا موقع فراہم کیا جارہا ہے ۔اس موقع کے تحت طلبہ کو عالمگیر مسجد شانتی نگر میں نماز عشاء میں شریک ہو کر نماز فجر تک مطالعہ کرنے کی اجازت رہے گی جس کے لیے مسجد کی پہلی منزل کے ایک حصہ کو طلبہ کے مطالعہ کے لیے مختص کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر ممتاز تعلیمی اداروں کے مختلف مضامین کے ماہرین بالخصوص میتھامیٹکس ، سائنس اور انگلش بھی طلبہ کی مطالعہ میں رہبری اور رہنمائی کریں گے ۔ یہ ماہرین ہر روز کم از کم دو گھنٹے مسجد ہذا کے مطالعہ کے مقام پر دستیاب رہیں گے ۔ اس کے علاوہ بچوں کو پڑھائی اور مطالعہ میں ہمت افزائی کے لیے ہفتہ میں دو مرتبہ لکچرس کا بھی انتظام رہے گا ۔ کمیٹی نے مزید بتایا کہ اس کا مقصد طلبہ برادری کو مسجد سے جوڑنا ہے ۔ اس کے علاوہ طلبہ کو نماز کا پابند بنانا ۔ مطالعہ کے لیے ایک پر سکون ماحول کی فراہمی ، ماہرین تعلیم سے رہبری و رہنمائی کی فراہمی ، اور بچوں کو سخت محنت اور میرٹ حاصل کرنے اور ڈسپلن کا پابند بنانا ہے ۔ اس میں شرکت کرنے والے طلبہ کو اپنے سیل فونس کوآرڈینٹر کے ہاں جمع کروانا لازمی ہوگا ۔ رجسٹریشن اور دیگر تفصیلات کے لیے جناب سید رحمت سے فون نمبر 9133450764 پر ربط کریں ۔۔