عالمی اداروں کی وارننگ اسرائیل رفح پر فوجی آپریشن سے باز رہے

   

نیویارک : اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ اسرائیل رفح میں داخلے سے پرہیز کرے کیونکہ رفح آپریشن کا خاتمہ ایک وسیع پیمانے کی تباہی پر ہو گا۔اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتان یاہو کے اس بیان کے بعد کہ “کوئی سمجھوتہ ہو یا نہ ہو ہم رفح میں داخل ہو کر رہیں گے” اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس، عالمی ادارہ صحت کے سربراہ تھیوڈور گبریسس اور یورپی یونین کے ہائی کمشنر برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی جوزف بوریل نے تنبیہی پیغام جاری کیا ہے۔مذکورہ حکام نے وارننگ دی ہے کہ اگر رفح میں فوجی آپریشن کیا گیا تو اس کا انجام تباہی کے علاوہ اور کچھ نہیں ہو گا۔انتونیو گٹرس نے جاری کردہ بیان میں “رفح پر حملے کے نتیجے میں ہزاروں شہری اموات ہوں گی اور لاکھوں شہری ہجرت پر مجبور ہو جائیں گے۔ یہ حملہ نہ صرف غزّہ کے فلسطینیوں کے لئے مہلک ثابت ہو گا بلکہ مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے سمیت ایک وسیع جغرافیے پر بھی نہایت سنجیدہ اثرات مرتب کرے گا”۔